پی ٹی آئی کے نو منتخب رکن صوبائی اسمبلی انتقال کر گئے

پی ٹی آئی کے نو منتخب رکن صوبائی اسمبلی انتقال کر گئے | urduhumnews.wpengine.com

اسلام آباد: ملتان کے حلقہ پی پی 222 سے منتخب ہونے والے پاکستان تحریک انصاف کے نومنتخب رکن پنجاب اسمبلی ملک عباس کھاکھی انتقال کر گئے ہیں۔ انہیں چند روز قبل دل کا دورہ پڑنے پراسلام آباد کے نجی اسپتال منتقل کیا گیا تھا۔

نو منتخب ایم پی اے کی وفات پر پاکستان تحریک انصاف کےر ہنما جہانگیر ترین نے افسوس کا ظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم متاثرہ خاندان کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔

ملک غلام عباس کھاکھی نے سیاسی سفر 1980سے شروع کیا جب وہ پہلی بار یونین کونسل جلال پور کھاکھی سے کونسلر منتخب ہوئے۔ وہ اسی یونیین کونسل کے چئیرمین بھی رہ چکے ہیں۔

ایف سی کالج لاہور کے گریجویٹ اور اسٹوڈنٹ لیڈر رہنے والے غلام عباس کھاکھی نے پہلا الیکشن 1993 میں جماعت اسلامی کے ٹکٹ پر این اے 119 شجاع آباد سے لڑا لیکن کامیاب نہ ہوسکے۔ 1998 میں اسے حلقہ سے آزاد حیثیت میں الیکشن لڑا لیکن کامیاب نہ ہوئے۔

صوبائی حلقہ 205 جلال پور سے 2002 میں آزاد حیثیت سے الیکشن لڑا اور ناکام ہوئے۔ صوبائی حلقہ 205 سے پیپلز پارٹی کا ٹکٹ واپس کرکے آزاد حیثیت سے 2008 کا الیکشن لڑا اور ناکام ہوئے۔ 2013 میں پیپلزپارٹی کے ٹکٹ پر ایک بار پھر اسی صوبائی حلقہ سے الیکشن لڑا اور ناکام ہو گئے۔

تحریک انصاف کے ٹکٹ پر 2018 کا الیکشن صوبائی حلقہ 222 سے لڑا اور پہلی بار کامیابی حاصل کی تاہم کامیابی کے 20 روز بعد دل کا دورہ پڑنے کے باعث انتقال کر گئے۔

غلام عباس کھاکھی کی میت کو ملتان کے علاقے شجاع آباد لے جایا جائے گا۔

اس سے قبل ضلع راجن پور کے حلقے پی پی 296 سے منتخب ہونے والے پی ٹی آئی کے نو منتخب رکن صوبائی اسمبلی طارق دریشک بھی برین ہیمبرج کے باعث انتقال کرگئے تھے۔


متعلقہ خبریں