حلف برداری: ارکان پنجاب اسمبلی نے چلائے طنز کے تیر

حلف برداری کے بعد پنجاب ارکان اسمبلی کے طنز | urduhumnews.wpengine.com

لاہور: پنجاب اسمبلی کے افتتاحی اجلاس سے ہی سیاسی ماحول میں گرما گرمی شروع ہوگئی اور تقریب حلف برداری کے لیے آنے والے رہنماؤں نے ایک دوسرے پر طنز کے تیر چلائے اور پیغامات بھی دیے۔

پنجاب کی 70ویں اسمبلی کے نومنتخب ارکان نے حلف اٹھانے کے بعد اسمبلی کے باہر ایک دوسرے کے خلاف خوب نشترزنی کی اور تنقید کے تیر برسائے۔ صوبائی اسمبلی کے لیے پاکستان تحریک انصاف کے نامزد اسپیکر چودھری پرویز الہی نے جہاں سب کو ساتھ لے کرچلنےکا کہا وہیں ن لیگ کو پیغام بھی دے دیا۔

چوہدری پرویزالہیٰ نے کہا کہ کوشش ہوگی بہتری کی طرف جائیں ،اسمبلی مل کرچلائیں۔ انہوں نے کہا کہ اسپیکر کے اسمبلی کے انتخاب کے بعد پتا چلے گا کہ کالی پٹیاں باندھیں یا نیلی چلتی رہتی ہیں۔

پنجاب کی وزارت اعلیٰ کے لیے نامزد ن لیگی امیدوار حمزہ شہباز نے انتخابی نتائج پر پھرتحفظات کا اظہارکرتے ہوئے کہا کہ ڈٹ کر اپوزیشن کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ جمہوریت کو پٹری پر رکھنے کے لیے حلف لینے آئے ہیں، لوگ کہتے تھے ووٹ شیرکو ڈالا تھا بن کوئی اورگیا، انہوں نے تنقید کرتے ہوئے کہا کہ نااہل شخص ارکان کوجہازوں میں بنی گالا لے جاتا رہا۔ حمزہ شہباز کا کہنا تھا کہ جواں مردی سے اپوزیشن کریں گے۔

سابق وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق کا کہنا تھا کہ نئے پاکستان کی بنیاد ہی جھوٹ پر رکھی جارہی ہے، فرشتوں کی جماعت جو نئے پاکستان کی بنیاد پررکھنے جارہی ہے جھوٹ پر مبنی ہوگی۔

انہوں نے کہا اگر اپوزیشن میں بیٹھنا پڑا تو ایسی اپوزیشن کریں گے کہ دن میں عمران خان کو تارے نظر آ جائیں گے۔

پی ٹی آئی رہنماعلیم خان نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ن لیگ  30 سال سے تخت پنجاب پربراجمان تھی اب اسےشکست ہضم نہیں ہورہی۔ ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کی وزارت اعلیٰ کا  کوئی مسلہ نہیں پارٹی چیئرمین جو بھی کہیں گے وہی حرف آخر ہوگا۔


متعلقہ خبریں