ماہر ڈاکٹر کی طرح مرض شناخت کرنے والا ذہین سافٹ ویئر


لندن: مصنوعی ذہانت کو طبی آلات بنانے میں استعمال کرنے والی ایک مشہور برطانوی کمپنی کا تیار کردہ سافٹ ویئر ڈاکٹر کی نگرانی کے بغیر ہی کسی ماہر چشم کی طرح آنکھوں کے 50 امراض کی شناخت کر سکتا ہے۔

ڈیپ مائنڈ (Deep Mind) نامی یہ سافٹ ویئر امراض کی  بروقت شناخت کر کے  کئی لوگوں کی بینائی بچانے میں مددگار ثابت ہو سکتا ہے۔

مصنوعی ذہانت پر کام کرنے والے اس پروگرام کو ترتیب دینے کے لیے 15 ہزار سے زائد مریضوں کا ڈیٹا  لے کر سافٹ ویئر کو ان پر آزمایا گیا، ان میں سے کئی مریضوں کے ریٹینا (قرنیہ) اسکین کا ڈیٹا بھی اس سافٹ ویئر میں شامل کیا گیا۔

سافٹ ویئر ڈویلپ کرنے والے ماہرین کے مطابق یہ سافٹ ویئر 94  فیصد کیسوں میں آنکھوں کی 50 کے قریب  بیماریوں کی درست نشاندہی بھی کرسکتا ہے، ڈیپ مائنڈ ہنگامی حالت مثلاً ریٹینا میں سوراخ یا میکیولر ڈی جنریشن کی صورت میں فوری طور پر بتاتا ہے کہ کس مریض کو پہلے توجہ کی ضرورت ہے۔

اس پراجیکٹ کے شریک سربراہ ڈاکٹر مصطفیٰ سلیمان کہتے ہیں کہ بہت جلد مصنوعی ذہانت کے استعمال سے پوری دنیا میں آنکھوں کے امراض کی شناخت کرنا ممکن ہو جائے گا۔

یہ سافٹ ویئر اس وقت برطانیہ کے 30 سے زائد اسپتالوں میں کامیابی سے استعمال کیا جا رہا ہے۔


متعلقہ خبریں