پی آئی اے کے سی ای او غیر حاضر، سینیٹ کمیٹی برہم

فوٹو: فائل


اسلام آباد: سینیٹ اسٹینڈنگ کمیٹی برائے ایوی ایشن کے اجلاس میں پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائنز (پی آئی اے) کے چیف آپریٹنگ آفیسر(سی ای او) مشرف رسول سیان  کی عدم موجودگی  پر کمیٹی ممبران برہم  ہو گئے۔

مشرف رسول نے ایئر سفاری کے نام پر اپنے دوست احباب کو شمالی علاقہ جات کی مفت  فضائی سیر کرائی تھی جس پر سینیٹ کمیٹی نے واقعہ کی رپورٹ طلب کی تھی اور انہوں نے کمیٹی میں صفائی پیش کرنی تھی۔

کمیٹی میٹنگ کے دوران پاکستان پیپلز پارٹی کی سینیٹر شیری رحمٰن نے سوال کیا کہ پی آئی اے کے سی ای او نے اپنی عدم موجودگی کا اس کمیٹی کو نوٹس کیوں نہیں دیا، ان کا کہنا تھا کہ سی ای او کی غیر موجودگی میں تفتیشی رپورٹ پیش کرنے کا کوئی فائدہ نہیں ہے۔

شیری رحمٰن نے کہا کہ ماضی میں بھی پی آئی اے اور ایوی ایشن حکام نے کمیٹی کے ساتھ تعاون نہیں کیا، ان کا کہنا تھا کہ پی آئی اے جو کام بھی کر رہی ہے اس کی ذمہ داری لے۔

انہوں نے کمیٹی سے پی آئی اے کے سی ای او کے خلاف قانونی کارروائی کا مطالبہ بھی کیا۔


متعلقہ خبریں