سابق کرکٹر گیری اسٹیڈ کیویز کے کوچ مقرر

سابق کرکٹر گیری اسٹیڈ نیوزی لینڈ کے کوچ مقرر


ویلنگٹن: سابق  کیوی ٹیسٹ کرکٹر گیری اسٹیڈ کو نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کا کوچ مقرر کر دیا گیا ہے۔

نیوزی لینڈ کے سابق کوچ مائیک ہیسن کے جون میں مستعفی ہونے کے بعد سے یہ آسامی خالی تھی، اب ان کی جگہ 46 سالہ گیری اسٹیڈ کو کیویز کوچ مقرر کیا گیا ہے۔

گیری اسٹیڈ  ڈومیسٹک کرکٹ میں ایک طویل عرصہ کنٹربری کلب کی  کوچنگ کر چکے ہیں وہ نیوزی لینڈ  کرکٹ کے ہائی پرفارمنس کوچ  بھی رہے ہیں۔

ان کی کوچنگ میں نیوزی لینڈ ویمن ٹیم  نے ورلڈ کپ اور ورلڈ ٹی ٹوینٹی کے فائنل تک رسائی حاصل کی۔

1999 میں گیری نے نیوزی لینڈ کی طرف سے پانچ ٹیسٹ میچز کھیلے، وہ بطور ٹاپ آرڈر بلے باز ٹیم کا حصہ رہے اور اپنے مختصر ٹیسٹ کیریئر میں ایک بار بھی 10 سے کم رنز بنا کر آوٹ نہیں ہوئے۔

البتہ فرسٹ کلاس کرکٹ میں گیری کا کافی تجربہ ہے، انہوں نے 105 فرسٹ کلاس میچوں میں 32.15 کی اوسط  سے 4984 رنز بنا رکھے ہیں۔

اسٹیڈ جانتے ہیں کہ بطور کوچ 2019  کا ورلڈ کپ ہی ان کا سب سے بڑا امتحان ہوگا مگر وہ اپنی ٹیم  کی ساری توجہ محض اس ٹورنامنٹ پر مبذول نہیں رکھنا چاہتے، ان کی خواہش ہے کہ کیوی کھلاڑی ہر گزرتے میچ کے ساتھ اپنی کارکردگی میں بہتری لائیں۔

اکتوبر میں متحدہ عرب امارات میں پاکستان کے خلاف سیریز بطور کوچ،  گیری کا پہلا امتحان  ہو گا۔


متعلقہ خبریں