پنجاب اسمبلی کے نامزد اسپیکر پرویز الہٰی نیب طلب


لاہور: قومی احتساب بیورو (نیب)  نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی)  کی جانب سے پنجاب اسمبلی کے نامزد اسپیکر اور ق لیگ کے مرکزی رہنما چوہدری پرویز الہٰی کو کرپشن کے مبینہ الزامات پر طلب کر لیا ہے۔

ذرائع  کے مطابق آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس میں سابق وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الہٰی کے ساتھ ان کے کزن اور سابق وزیراعظم چوہدری شجاعت حسین کو بھی جمعرات 16 اگست کو نیب طلب کیا گیا ہے۔

نیب کی جانب سے جاری مراسلے میں کہا گیا ہے کہ چوہدری  برادران اور ان کے اہل خانہ کے نام بہت سی کمپنیوں میں شئیرز اور مختلف بینکوں میں بڑی رقوم کی منتقلی کا انکشاف ہوا ہے جبکہ چوہدری برادران  نیب کی جانب سے اپنے اثاثوں سے متعلق مصدقہ پروفارما  جمع کرانے میں ناکام  رہے ہیں۔

نیب کے مطابق  پروفارما  جمع کرانے کے لیے متعدد بار نوٹس بھجوائے گئے لیکن جواب موصول نہیں ہوا جس پر انہیں طلب کر لیا گیا ہے کیونکہ چوہدری برادران کے عدم تعاون  پر تحقیقات پہلے ہی متاثر ہو چکی ہے۔

نیب نے متنبہ کیا ہے کہ مطلوبہ ریکارڈ  فراہم  نہ کرنے کی صورت میں چوہدری برادران کے پاس دفاع  کے لیے کچھ نہ ہونا تصور کیا جائے گا اور جواب جمع نہ کرانے پر نیب آرڈیننس کے شیڈول 2  کے تحت کارروائی کی جائے گی۔


متعلقہ خبریں