سندھ کے وزیر اعلیٰ کا انتخاب آج ہو گا


کراچی: اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ قائد ایوان کے لیے دونوں امیدواروں کے کاغذات نامزدگی درست قرار پائے ہیں، جمعرات کو قائد ایوان کا انتخاب  ہو گا۔

ان کا کہنا تھا کہ نئے ارکان کو بریفنگ دے دی ہے، کسی کو اسکول جانے کی ضرورت نہیں، صرف اسمبلی کے قواعد پر عمل درآمد کریں اور کوشش کریں کہ اسمبلی کے ایجنڈے کا خیال رکھیں۔

انہوں نے بتایا کہ چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے ہدایت کی ہے کہ ہر تین ماہ میں وزرا اور پیپلزپارٹی کے ارکان کی کارکردگی رپورٹ انہیں بھیجی جائے۔

آصف علی زرداری اور بلاول بھٹو زرداری کا شکریہ ادا کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پارٹی قائدین کا ان  پر اعتماد ان کے لیے فخر کی بات ہے، انہوں نے تمام ارکان صوبائی اسمبلی کا بھی شکریہ ادا کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ اسمبلی کے پہلے روز آنے والے مہمانوں کو پاسز جاری ہونا چاہیے، کچھ  لوگ بغیر پاسز اسمبلی  آئے، ایسا نہیں ہونا چاہیے تھا، انہوں نے کہا کہ مہمانوں کی آمد کو روکا نہیں جا سکتا لیکن ڈسپلن ہونا چاہیے۔

سابق ڈپٹی اسپیکر سندھ اسمبلی شہلا رضا کا ذکر کرتے ہوئے آغا سراج درانی کا کہنا تھا کہ شہلا رضا نے دس سال ایوان کی خدمت کی جو قابل تحسین ہے۔

اپوزیشن کے بارے میں ان کا کہنا تھا کہ ہم نے اپوزیشن کو ہمیشہ ساتھ  لے کر چلنے کی کوشش کی ہے، پرانے ساتھیوں سے میں نے بھی بہت کچھ  سیکھا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ اس ایوان کو اعزاز حاصل ہے کہ اس نے پاکستان بنایا، ہم  پرانے ہال  کو محفوظ اور خوبصورت بنائیں گے کیونکہ اس کی ایک تاریخ ہے جہاں ہمارے قائدین نے حکومت و قانون سازی کی، نئے ارکان کو بھی پرانے ہال لے جائیں گے۔

سندھ اسمبلی کا اجلاس جمعرات کی صبح دس بجے دوبارہ شروع ہو گا۔


متعلقہ خبریں