انتخابی عذرداریاں نمٹانے کے لیے 20 ٹریبونلز قائم


اسلام آباد: الیکشن کمیشن آف پاکستان نے انتخابی عذرداریاں نمٹانے کے لیے ٹربیونلز قائم کر دیے ہیں، الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری تفصیلات کے مطابق ان ٹربیونلز کی سربراہی  ہائی کورٹ کے  ججز کریں گے۔

الیکشن کمیشن نے انتخابی عذرداریاں نمٹانے کے لیے مجموعی طور پر 20  ٹربیونل قائم کیے ہیں جن میں سندھ  کے لیے 4 اور بلوچستان کے لیے 3 ٹربیونلز قائم  کیے گئے ہیں جبکہ پنجاب کے لیے 8 اور خیبر پختونخوا کے لیے 5 ٹربیونلز کام کریں گے۔

سندھ  کے لیے سندھ ہائی کورٹ کے جسٹس عمر سیال، جسٹس یوسف علی سعید، جسٹس محمد شفیع صدیقی اور جسٹس خادم حسین شیخ  ٹربیونلز کے سربراہ مقرر کیے گئے ہیں۔

بلوچستان ہائی کورٹ کے جسٹس ہاشم خان کاکڑ، جسٹس عبد اللہ بلوچ، جسٹس نذیر احمد لینگوو کو بلوچستان ٹربیونلز کی سربراہی سونپی گئی ہے۔

پنجاب کے 8  ٹربیونلز کے لیے لاہور ہائی کورٹ کے جسٹس مامون الرشید، جسٹس شاہد مبین، جسٹس شاہد جمیل خان، جسٹس چوہدری محمد اقبال، جسٹس محمد امیر بھٹی، جسٹس سردار احمد نعیم، جسٹس مجاہد مستقیم اور جسٹس وقاص رؤف  کو مقرر کیا گیا ہے۔

خیبر پختونخوا کے 5  ٹربیونلز کے لیے پشاور ہائی کورٹ کی جسٹس مسرت ہلالی، جسٹس لال جان خٹک، جسٹس محمد غضنفر خان، جسٹس عبدالشکور خان اور جسٹس اعجاز انور کو سربراہ مقرر کیا گیا ہے۔

قانون کے مطابق ٹربیونلز 120 دنوں میں انتخابی عذر داریاں نمٹانے کے پابند ہیں۔


متعلقہ خبریں