ایاز صادق جاتے جاتے آئین کی خلاف ورزی کر گئے


اسلام آباد: سابق اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق نے آئین کی خلاف ورزی کرتے ہوئے وزیراعظم کے انتخابات کا شیڈول جاری کر دیا ہے۔

آئین پاکستان کی شق 91 کے مطابق وزیراعظم کے انتخاب کا شیڈول نئے اسپیکر کا استحقاق ہوتا ہے لیکن ایاز صادق نے آئین کی مذکورہ شق کی خلاف ورزی کرتے ہوئے خود ہی شیڈول جاری کر دیا۔

سابق اسپیکر قومی اسمبلی نے وزیراعظم کے انتخاب کا شیڈول نئے اسپیکر کے منتخب ہونے سے پہلے ہی 13 اگست کو جاری کر دیا جس کی وجہ سے وزیراعظم کے عہدے کے لیے عمران خان اور شہبازشریف کے کاغذات نامزدگی بھی وقت سے پہلے جمع کرا دیے گئے۔

بدھ کو قومی اسمبلی کے ارکان نے اسپیکر کے لیے اسد قیصر اور ڈپٹی اسپیکر کے لیے قاسم خان سوری کو منتخب کیا، دونوں کا تعلق پاکستان تحریک انصاف سے ہے۔

اسد قیصر نے 176 ووٹ حاصل کرکے کامیابی حاصل کی، ان کے مدمقابل پاکستان پیپلزپارٹی سے تعلق رکھنے والے سید خورشید احمد شاہ نے 146 ووٹ حاصل کیے۔

ڈپٹی اسپیکر کے لیے قاسم خان سوری نے 183 ووٹ حاصل کیے جبکہ ڈپٹی اسپیکر کے لیے متحدہ مجلس عمل کے امیدوار اسعد محمود کو 144 ارکان کی حمایت مل سکی۔


متعلقہ خبریں