سوڈان میں کشتی الٹنے سے 22 بچے جاں بحق


خرطوم: شمالی سوڈان میں بچوں کو لے کر اسکول جانے والی کشتی الٹنے سے 22 بچے جاں بحق ہو گئے ہیں۔

بدقسمت کشتی بچوں کو لے کراسکول جا رہی تھی کہ راستے میں شدید بارشوں اور طوفانی ہواؤں کی وجہ سے کشتی کا انجن خراب ہوگیا،  کشتی میں 40 افراد سوار تھے۔

حادثہ دارالحکومت خرطوم سے سات سو پچاس کلومیٹر دور ملک کے شمالے خطے میں دریائے نیل میں پیش آیا۔

ایک نیوز ایجنسی کے مطابق جاں بحق ہونے والوں میں ایک خاتون بھی شامل ہے، سول ڈیفنس کے اہلکار ابھی تک دریائے نیل میں ڈوبنے والے افراد کی لاشیں تلاش کر رہے ہیں، اس علاقے کے دیہات کے افراد عموماً دریائے نیل عبور کرنے کے لیے لکڑی کے تختوں سے بنی کشتیاں استعمال کرتے ہیں۔

شدید بارشوں کی وجہ سے بدھ  کے روز خرطوم میں حکومت نے ایک حکم نامے کے ذریعے ملک بھر کے اسکولوں کو  بند کرنے کا حکم  دیا تھا۔

سوڈان کے شمالی صوبوں دارفور اور کوردفان میں حالیہ بارشو ں سے اب تک کم ازکم چالیس افراد  جاں بحق ہو چکے ہیں، دارالحکومت خرطوم میں بھی بارشوں سے دس افراد لقمہ اجل بنے ہیں۔

 


متعلقہ خبریں