’علی پے‘ پاکستان میں کام شروع کرنے کے لیے تیار

علی پے’ پاکستان میں کام شروع کرنے کے لیے تیار’


اسلام آباد: چین کی بڑی ای کامرس کمپنی علی بابا کی آن لائن اور موبائل پیمنٹ سروس ‘علی پے’ رواں سال کے آخر تک پاکستان میں کام شروع  کر دے گی۔

اس بات کا انکشاف ٹیلی نار کے چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او) عرفان وہاب نے مقامی میڈیا سے بات کرتے ہوئے کیا۔

‘علی پے’ ایک  تھرڈ پارٹی موبائل اور آن لائن پیمنٹ پلیٹ فارم ہے اور صرف چین میں ہی روزانہ 80 کروڑ سے زائد صارفین اس کے ذریعے 85 لاکھ  ٹرانزیکشنز کرتے ہیں۔

اس طرح کے پلیٹ فارمز صارفین کو خریداری کے بعد ادائیگی میں مدد دیتے ہیں، ‘علی پے’ کو کریڈٹ کارڈ کا متبادل بھی سمجھا جاتا ہے کیوںکہ یہ آن لائن پورٹلز کے علاوہ  سپرمارکیٹس وغیرہ میں بھی استعمال کیا جا سکتا ہے۔

خیال رہے کہ ٹیلی نار کے مائیکرو فنانس بینک کے 45 فیصد حصص ’علی پے‘ چلانے والی کمپنی آنٹ فائننشل نے رواں سال مارچ میں 184.5 ملین ڈالرز کے عوض خریدے تھے، آنٹ فائننشل، علی بابا گروپ سے منسلک ہے۔

اس وقت یہ کمپنی ملکی مالیاتی ریگولیٹرز اسٹیٹ بینک آف پاکستان اور مسابقتی کمیشن آف پاکستان سے آپریشنز کے آغاز کے لیے منظوری حاصل کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔


متعلقہ خبریں