آزاد کشمیر میں ایک ارب سے زائد کے ترقیاتی منصوبے منظور


مظفرآباد: آزاد  کشمیر کابینہ کی ترقیاتی کمیٹی نے ایک ارب 31 کروڑ روپے سے زائد مالیت کے 3 منصوبوں کی منظوری دے دی ہے۔

کمیٹی کا اجلاس وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر خان کی زیر صدارت ہوا جس میں آزاد جموں وکشمیر کابینہ کے ارکان، چیف سیکرٹری اور متعلقہ افسران نے شرکت کی۔

ذرائع کے مطابق اجلاس میں کٹن جاگراں میں ٹوٹنے والے پل کے حوالے سے بریفنگ بھی دی گئی اور بتایا گیا کہ  جاگراں نالے پر ٹوٹ جانے والے پل کی جگہ نیا پل تعمیر کردیا گیا ہے۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم آزاد کشمیر نے کہا کہ  حکومت آزاد خطہ کی تعمیر و ترقی کو یقینی بنانے کے لیے مانیٹرنگ کا نظام مزید سخت بنائے گی، انہوں نے بتایا کہ حکومت انفرا اسٹرکچر کی ترقی کے  لیے سالانہ اربوں روپے خرچ کر رہی ہے۔

آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی میں آزاد جموں و کشمیر عبوری آئین ایکٹ 1974 میں  تاریخی 13 ویں  ترمیم کے بعد کشمیر کونسل کے تمام اختیارات آزاد کشمیر حکومت ، قانون ساز اسمبلی اور وزیراعظم پاکستان کو منتقل کر دیے گئے ہیں اور کونسل کی حیثیت ایک مشاورتی ادارے کی سی رہ  گئی ہے۔

ماہرین کے مطابق اس ترمیم کے بعد سے آزاد کشمیر کی حکومت ترقیاتی کاموں میں فنڈز کے استعمال میں کافی حد تک خود مختار ہو چکی ہے اور موجودہ منصوبوں کی منظوری اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے۔


متعلقہ خبریں