’پرواز ہے جنوں‘ کی تشہیری مہم لاہور میں جاری

پرواز ہے جنوں کی تشہیری مہم لاہور میں جاری


لاہور: مومنہ اینڈ درید پروڈکشنز کے بینر تلے بننے والی فلم ‘پرواز ہے جنوں’ کی کاسٹ زندہ دلوں کے شہر لاہور میں موجود ہے۔

شائقین کی جانب سے ریلیز سے پہلے ہی فلم میں بھرپور دلچسپی کا اظہار کیا جا رہا ہے، بدھ  کے روز لاہور کے امپوریم مال میں ہونے والے تشہیری پروگرام میں مداحوں  کی بڑی تعداد  امڈ  آئی۔

حمزہ علی عباسی، ہانیہ عامر اور احد رضا میر مداحوں میں گھل مل گئے اور ان کے دلچسپ سوالوں کے جوابات دیتے رہے، شائقین نے فلم کے مرکزی کرداروں کے ساتھ تصاویر بھی بنائیں۔

فلم کے نغمہ نگار شجاع حیدر بھی تشہیری مہم میں شامل ہیں۔

اس موقع پر بات کرتے ہوئے فلم کے مرکزی کرداروں کا کہنا تھا کہ ‘پرواز ہے جنوں’ حب الوطنی کے جذبے سے بھرپور فلم  ہے اور مداحوں کو خوب بھائے گی، انہوں نے درخواست کی کہ شائقین فلم دیکھنے اہل خانہ سمیت سنیما گھروں میں ضرور تشریف لائیں۔

فلم کی مرکزی کاسٹ نے منگل کے روز لاہور کے یونیورسل سنیما اور تین دن قبل اسلام آباد  کے مشہور سینٹورس مال اور جناح پارک میں واقع سنی پیکس میں پرستاروں سے ملاقات کے دوران ان کے دل موہ لیے تھے۔

’پرواز ہے جنوں‘  کے ٹریلر کے ساتھ  ساتھ  فلم کی موسیقی نے بھی خاصی داد وصول کی ہے، کامیاب تشہیری مہم کے ساتھ  ساتھ جاندار ٹریلر اور سپر ہٹ گانوں نے ریلیز سے پہلے ہی فلم کی مقبولیت کو چار چاند لگا دیے ہیں۔

’ہم نیٹ ورک‘ کے بینر تلے مومنہ اینڈ درید پروڈکشنز کی’ پرواز ہے جنوں‘ عید الاضحیٰ  پر سنیما گھروں میں اڑان بھرے گی۔


متعلقہ خبریں