پنجاب اسمبلی: اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کا انتخاب آج ہو گا


لاہور: پنجاب اسمبلی میں اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کے لیے انتخاب جمعرات کی صبح 10:30 بجے کیا جائے گا جس کے لیے خفیہ ووٹنگ ہو گی۔

ذرائع کے مطابق پنجاب اسمبلی میں اسپیکر، ڈپٹی اسپیکر کے انتخاب کے لیے کاغذات کی اسکروٹنی مکمل کرلی گئی ہے۔

اسپیکر کے لیے تحریک انصاف اور مسلم لیگ ق کے امیدوار چوہدری پرویزالہی جبکہ مسلم لیگ نون کے امیدوار چوہدری اقبال  گجر کے کاغذات نامزدگی بھی درست قرار پائے۔

اسی طرح ڈپٹی اسپیکر کے لیے تحریک انصاف کے دوست محمد مزاری جبکہ مسلم لیگ نون کے وارث کلو کے کاغذات درست قرار دیے گئے۔

بدھ کے روز قومی اسمبلی کے اجلاس میں خفیہ رائے شماری کے ذریعے اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کا انتخاب کیا گیا جس میں پاکستان تحریک انصاف اور اتحادی جماعتوں کی جانب سے نامزد اسد قیصر 176 ووٹ حاصل کرکے اسپیکر جبکہ پی ٹی آئی کے قاسم خان سوری ڈپٹی اسپیکر منتخب  ہو گئے۔

اسی طرح خیبرپختونخوا اسمبلی میں تحریک انصاف کے رکن صوبائی اسمبلی مشتاق احمد غنی کو اسپیکر اور محمود جان کو ڈپٹی اسپیکر منتخب کیا گیا۔

سیکرٹری سندھ اسمبلی نے اسپیکر اور ڈ پٹی اسپیکر کے عہدے کے لیے چار امیدواروں کے کاغذات نامزدگی منظور کیے ہیں جبکہ بلوچستان اسمبلی میں بھی جمعرات کو ہی اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کا انتخاب کیا جائے گا۔


متعلقہ خبریں