انور مجید کی گرفتاری زرداری کے لیے مسئلہ ہے، مظہر عباس


اسلام آباد: معروف تجزیہ کار اویس توحید نے کہا ہے کہ 18 اگست کو عمران خان اس ملک کے منتخب وزیر اعظم ہوں گے کیونکہ قومی اسمبلی کے اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر نے اتنے ہی ووٹ لیے ہیں جتنے متوقع  تھے۔

’ہم نیوز‘ کے پروگرام ’بڑی بات‘ میں میزبان عادل شاہ زیب سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ  اسد قیصر کی شخصیت اس طرح کی نہیں کہ وہ قومی اسمبلی میں تحریک انصاف کو آگے لے جانے میں مدد کر پائیں، ان کے مقابلے میں خورشید شاہ کا سیاسی وزن زیادہ  مضبوط ہے۔

اویس توحید نے کہا کہ قومی اور صوبائی اسمبلی کے اسپیکر کے عہدے میں کافی فرق ہوتا ہے، صوبائی اسمبلی میں آپ ہر رکن اسمبلی کو اچھی طرح جانتے ہیں جبکہ قومی اسمبلی میں پورے ملک سے نمائندے آتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ عامر لیاقت شہ سرخیوں میں رہنا پسند کرتے ہیں، ان کا کردار متنازع  ہے، تحریک انصاف کے کچھ ارکان انہیں دیکھ کر ناک بھی چڑھاتے ہیں۔

سینئر تجزیہ کار مظہر عباس نے کہا کہ انور مجید کی گرفتاری سے آصف علی زرداری کے لیے مسائل پیدا ہوں گے، اس کیس میں آصف علی زرداری اور فریال تالپور، دونوں کا نام شامل ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ جب چوہدری نثار علی خان وزیرداخلہ تھے اس وقت آصف علی زرداری کے تین قریبی ساتھیوں کو گرفتار کیا گیا، ان تینوں کو حساس اداروں نے اٹھایا اور پھر چھوڑ دیا۔

نو منتخب رکن قومی اسمبلی  وزیر زادہ نے کہا کہ الیکشن والے دن لوگوں نے آ کر مجھے جگا دیا اور بتایا کہ میں الیکشن جیت گیا ہوں، بہت خوشی کا دن تھا، سب لوگ حد سے زیادہ خوش تھے۔

انہوں نے کہا کہ ہمارا کلچر اگر زندہ ہے تو لوگوں کے پیار کی وجہ سے، پاکستان میں یہ ایک مثال ہے، ہم دنیا کو بتا سکتے ہیں کہ پاکستان میں اقلیتوں کو زیادہ حقوق ملتے ہیں


متعلقہ خبریں