قطرکا ترکی میں 15 بلین ڈالرز سرمایہ کاری کا اعلان


دوحا: ترکی اور امریکہ کے درمیان حالیہ کشیدگی اور امریکہ کی جانب  سے ترکی پر اقتصادی پابندیاں عائد کرنے کے بعد  قطر ترکی کی مدد کو آ گیا اور ترکی میں 15 بلین  ڈالرز کی  سرمایہ کاری کرنےکا اعلان کیا ہے۔

ایک خبر رساں ادارے کے مطابق مذکورہ سرمایہ کاری کا اعلان انقرہ میں قطر کے امیر تمیم بن حماد  نے ترک صدر رجب طیب ایردوان کے ساتھ  ہونے والے ملاقات میں کیا، پندرہ بلین ڈالرز کی سرمایہ کاری معاشی مارکیٹس اور بینکاری کے شعبے میں کی جائے گی۔

قطر کے امیر تمیم بن حماد ان دنوں ترکی کے دورے پرہیں، ملاقات کے دوران دونوں رہنمائوں نے دو طرفہ تعلقات اور مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا، امیر قطر کے ساتھ  دورے میں سرکاری وفد بھی  ہے۔

قطر کے امیر کا دورہ ترکی ایک ایسے وقت میں ہو رہا ہے جب ترکی اور اس کے نیٹو اتحادی امریکہ کے درمیان تعلقات انتہائی کشیدہ ہو گئے ہیں۔

ترکی کی جانب سے امریکی پادری اینڈریو برنسن کی رہائی سے انکار پر صدر ڈونلڈ  ٹرمپ نے ترکی کے خلاف اقتصادی اور معاشی پابندیاں لگانے کا اعلان کیا جس کے جواب میں ترک صدر نے مختلف امریکی مصنوعات پر پابندی لگا دی ہے۔


متعلقہ خبریں