امریکی کمپنی سیبر کا پی آئی اے کو عدالت لے جانے کا فیصلہ


اسلام آباد: امریکی سافٹ ویئر کمپنی سیبر گزشتہ سالوں میں  قومی ایئر لائنز کو اربوں روپے کانقصان پہنچانے کے بعد بھی پیچھے ہٹنے کو تیار نہیں اور اب اس  نے پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائنز (پی آئی اے)  کو عدالت لے جانے کا فیصلہ کر لیا ہے۔

گزشتہ کئی سالوں سے پی آئی اے کی بکنگ اور ٹکٹنگ کا نظام امریکی کمپنی سیبر چلا رہی ہے، آئے دن سسٹم کی خرابی اور پرانے  سافٹ ویئر کے استعمال کی وجہ سے سیبر اب تک قومی ائیرلائنز کو 33  ارب روپے کا نقصان پہنچا چکی ہے۔

پی آئی اے  ذرائع کے مطابق پی آئی اے کا سیبر سے معاہدہ رواں ماہ  ختم  ہو رہا ہے اور قومی ایئر لائن  نے آن لائن ٹکٹنگ اور بکنگ کا کام  کسی اور کمپنی کو دینے کا فیصلہ کیا ہے۔

فیصلے سے ناخوش سیبر نے سندھ  ہائی کورٹ میں پی آئی اے کے خلاف مقدمہ دائر کر دیا ہے، کیس کی سماعت جمعرات 16 اگست کو متوقع  ہے۔

سیبر کی جانب سے وکیل مخدوم علی خان مقدمے کی پیروی کریں گے، کیس کا جائزہ لینے کے بعد ان کا کہنا تھا کہ وہ سیبر کے لیے عدالت سے حکم امتناع  لینے میں کامیاب ہو جائیں گے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ اگرسیبر نےعدالت کے ذریعے معاہدے میں توسیع حاصل کرلی تو 2029  تک قومی ائیرلائنز کودو سو ملین  ڈالرکا نقصان پہنچنے کا خدشہ ہے۔


متعلقہ خبریں