سعودی عرب: دہشت گرد زخمی حالت میں گرفتار


ریاض: سعودی پولیس نے فائرنگ کے تبادلے کے بعد داعش کے ایک دہشت گرد کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا ہے۔ دہشت گرد کے قبضے سے کلاشنکوف، 359 گولیاں، پانچ میگزین، پستول اور اس کی 30 گولیاں برآمد ہوئی ہیں۔

سعودی عرب کی وزارت داخلہ کے ترجمان کے مطابق سعودی شہری فواز الحربی داعش کے فکر و فلسفے سے متاثر ہوکر ملک میں دہشت گردانہ کارروائی کی منصوبہ بندی کررہا تھا کہ پولیس کو اطلاع مل گئی۔

ترجمان کی جانب سے گزشتہ شب جاری کردہ اعلامیہ کے تحت پولیس نے خصوصی فورس تشکیل دے کر جب بدھ اورجمعرات کی درمیانی شب اسے ایک جگہ گھیرا تو اس نے فائرنگ کردی اور فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔

سعودی وزارت داخلہ کے مطابق پولیس نے اس کا سراغ لگا کرپیچھا کیا اور البکیریہ کمشنری میں ڈھونڈ کر ا س کی گاڑی دوبارہ گھیر لی۔ ترجمان کا کہنا ہے کہ جب سعودی پولیس کے اہلکاروں نے اسے خود کو حوالے کرنے کا کہا تو اس نے گاڑی سے اتر کر کوئی ایسی چیز اپنے بدن پر لپیٹی جو دور سے دھماکہ خیز مواد سے مشابہ تھی۔

وزارت داخلہ کے ترجمان کے مطابق ملزم نے اسی دوران سیکیورٹی اہلکاروں پر اندھادھند فائرنگ بھی شروع کردی جس پر پولیس نے جوابی فائرنگ کرکے اسے زخمی کردیا۔ ملزم کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا گیا۔

سعودی وزارت داخلہ کے مطابق زخمی ملزم فواز الحربی کو علاج کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

فریضہ حج کی ادائیگی کے لیے اس وقت سعودی عرب میں عازمین حج کی بہت بڑی تعداد موجود ہے جن کی حفاظت یقینی بنانے کے لیے سیکیورٹی فورسز ہائی الرٹ ہیں۔


متعلقہ خبریں