محمود خان وزیراعلی خیبرپختونخوا، مراد علی وزیراعلی سندھ منتخب

سندھ، خیبرپختونخوا کے لیے وزیراعلیٰ کا انتخاب آج | urduhumnews.wpengine.com

پشاور/کرچی: پاکستان تحریک انصاف کے نامزد کردہ محمود خان خیبرپختونخوا اور پیپلزپارٹی کے نامزدکردہ مراد علی شاہ سندھ کے وزراء اعلی منتخب ہو گئے ہیں۔

سوات سے کامیاب ہونے اور ماضی میں صوبائی وزیر رہنے والے محمود خان نے 77 ووٹ حاصل کیے جب کہ مدمقابل امیدوار کو 33 ووٹ ملے۔

خیبرپختونخوا میں متحدہ اپوزیشن کی جانب سے مجلس عمل کے نثار گل کو وزارت اعلی کا امیدوار نامزد کیا گیا تھا۔

خیبرپختونخوا اسمبلی میں پاکستان تحریک انصاف کو 76 اراکین کی حمایت حاصل تھی اور اپوزیشن جماعتوں کے پاس 33 اراکین موجود تھے جب کہ تین ارکان نے آزاد حیثیت میں ووٹ ڈالنا تھا۔

مخصوص نشستیں الاٹ کیے جانے کے بعد خیبرپختونخوا اسمبلی میں تحریک انصاف کی 86، مجلس عمل کی 12، عوامی نیشنل پارٹی کی 9 نشستیں، ن لیگ چھ اور پیپلزپارٹی کی پانچ نشستیں اور ق لیگ کی ایک نشست ہے جب کہ دو آزاد اراکین نے تحریک انصاف میں شمولیت اختیار کی ہے۔

عددی اکثریت دیکھتے ہوئے توقع کی جارہی تھی کہ پی ٹی آئی اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کے بعد وزیراعلیٰ کے لیے بھی اپنے امیدوار کو کامیاب کرا لے گی۔

سندھ اسمبلی میں وزیراعلی کا انتخاب

پیپلزپارٹی کے مرادعلی شاہ 97 ووٹ لے کر دوسرے مرتبہ وزیراعلی سندھ منتخب ہو گئے ہیں۔ ان کے مدمقابل امیدوار شہریار مہر کو 61 ووٹ ملے ہیں۔

دوسری جانب سندھ اسمبلی میں وزیراعلیٰ کے انتخاب کے لیے متحدہ مجلس عمل کے رکن اسمبلی سید عبدالرشید اور تحریک لبیک کے ارکان اسمبلی نے اپنا حق رائے دہی استعمال نہیں کیا۔

سندھ اسمبلی میں قائد ایوان کے لیے جمعرات کو انتخاب ہوا جس کے لیے پاکستان پیپلزپارٹی نے مراد علی شاہ اور متحدہ اپوزیشن نے شہریارمہر کو نامزد کیا تھا۔

پاکستان پیپلزپارٹی کو 165 کے ایوان میں 97 ارکان کی حمایت حاصل ہے اور اپوزیشن کے پاس 68 اراکین کی حمایت ہے۔ پیپلزپارٹی اکثریتی جماعت ہونے کے سبب پہلے ہی اپنا اسپیکر اور ڈپٹی منتخب کرا چکی ہے۔


متعلقہ خبریں