پاکستان میں آئندہ صدر کا انتخاب چار ستمبر کو

صدارتی الیکشن کا انعقاد چار ستمبر کو ہوگا | urduhumnews.wpengine.com

اسلام آباد: الیکشن کمیشن آف پاکستان(ای سی پی) نے پاکستان کے آئندہ صدر کے لیے صدارتی انتخابات کے شیڈول کا اعلان کردیا ہے جس کے مطابق صدارتی انتخابات چار ستمبرکو ہوں گے۔

ای سی پی نے کاغذات نامزدگی جمع کرانے کی حتمی تاریخ 27 اگست مقرر کرتے ہوئے کہا ہے کہ 29 اگست تک کاغذات کی جانچ پڑتال کی جائے گی۔

صدارتی انتخابات میں حصہ لینے والے امیدوار اپنے کاغذات 30 اگست تک واپس لے سکیں گے اور امیدواروں کی حتمی فہرست بھی 30 اگست کو ہی جاری کی جائے گی۔

صدارتی الیکشن کا انعقاد چار ستمبر کو ہوگا | urduhumnews.wpengine.com

پارلیمنٹ اور چاروں صوبائی اسمبلیوں میں پولنگ کا عمل صبح 10 بجے سے شام 4 بجے تک جاری رہے گا۔

صدر مملکت ممنون حسین کی صدارت کی مدت رواں سال 8 ستمبر کو ختم ہو رہی ہے اور آئین پاکستان کے مطابق یہ مدت ختم ہونے سے کم سے کم 30 روز قبل صدارتی انتخاب ہونا ضروری ہے۔

قانون کے مطابق صدارتی انتخابات کا انعقاد 8 اگست کو ہونا تھا تاہم انتخابات کے نتیجے میں حکومت سازی کا عمل ابھی تک مکمل نہیں ہوسکا جس کے سبب معاملہ التواء کا شکار ہوا ہے۔

پاکستان میں صدر کے انتخاب کی ذمہ داری الیکٹورل کالج پر عائد ہوتی ہے جو آئین پاکستان کی شق 41 (3) کے تحت اراکین سینیٹ، ممبران قومی و صوبائی اسمبلیوں پر مشتمل ہوتا ہے۔


متعلقہ خبریں