شادی ہالوں پر اضافی ٹیکس کیس میں حکومت، ایف بی آر طلب


لاہور: لاہور ہائی کورٹ نے  شادی ہالوں پر اضافی ٹیکس عائد کرنے کے کیس میں وفاقی حکومت اور فیڈرل بورڈ آف ریونیو(ایف بی آر) سے جواب طلب کرلیا ہے۔

جمعرات کے روز معاملے کی سماعت کے دوران درخواست گزار نے استدعا کی کہ  شادی ہالز میں فنکشن اور تقریبات پر پانچ فیصد ایڈوانس ٹیکس وصول کیا جاتا ہے۔ علاوہ ازیں ایف بی آر نے 20 ہزار کا اضافی ٹیکس بھی لگا رکھا ہے۔

درخواست گزار نے مؤقف اپنایا کہ قانون کے تحت ایک ٹیکس کی موجودگی میں دوسرا ٹیکس نہیں لگایا جا سکتا لہذا عدالت اضافی ٹیکس کے نفاذ کو کالعدم قرار دے۔

عدالت عالیہ نے استفسار کیا کہ کس قانون کے تحت چھوٹے اور بڑے فنکشن پر یکساں ایڈوانس ٹیکس کا نفاذ کیا گیا ہے؟

عدالت نے تاحکم ثانی ٹیکس ادا نہ کرنے والے شادی ہالز کو سیل کرنے سے روکتے ہوئے وفاقی حکومت اور ایف بی آر سے جواب طلب کرلیا ہے۔

لاہور ہائی کورٹ نے کیس کی سماعت 28 اگست تک ملتوی کردی۔


متعلقہ خبریں