امارات کے سفیر کی اسپیکر اسد قیصر کو مبارکباد


اسلام آباد: متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کے سفیر حامد عبید ابراہیم سالم الا ظبی نے پارلیمنٹ ہاؤس اسلام آباد میں اسد قیصر سے ملاقات کی ہے اورانہیں قومی اسمبلی کا اسپیکر منتخب ہو نے پر مبارک باد دی ہے۔

اس موقع پر یو اے ای  کے سفیر نے کہا کہ ان کا ملک پاکستان کے ساتھ اپنے تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے اور انہیں مزید پاِئیدار بنیادوں پر استوار کرنے کا خواہاں ہے، انہوں نے دونوں ممالک کے درمیان پہلے سے موجود تجارتی اور اقتصادی تعلقات کو فروغ دینے پر زور دیا۔

ملاقات کے دوران اسپیکراسد قیصر نے کہا کہ پاکستان متحدہ عرب امارات سے اپنے  تعلقات کو بڑی اہمیت دیتا ہے اور ان تعلقات کو نئی بلندیوں سے ہمکنار کرنے کا خواہشمند ہے۔

اسد قیصر نے کہا کہ پاکستان اور متحدہ عرب امارات مذہب، ثقافت اور تاریخ کے اٹوٹ رشتوں میں بندھے ہوئے ہیں، دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کے لیے اراکین پارلیمنٹ اور تاجر برادری کے آپس میں رابطوں میں اضافے کی ضرورت ہے۔

 


متعلقہ خبریں