‘پرواز ہے جنوں’ کی کاسٹ کا شائقین کے لیے پیغام

‘پرواز ہے جنوں’ کی کاسٹ کا شائقین کے لیے پیغام


لاہور: ‘پرواز ہے جنوں’  کی ریلیز سے چند دن قبل  فلم کے مرکزی کرداروں نے شائقین کے لیے ایک اہم  پیغام جاری کیا ہے۔

بدھ  کی شب فلم کے ہیرو حمزہ علی عباسی اور ہیروئن ہانیہ عامر دیگر کرداروں کے ہمراہ تشہیری مہم کے سلسلے میں لاہور کے امپوریم مال میں موجود تھے جہاں شائقین کی ایک بڑی تعداد اپنے پسندیدہ  فنکاروں  سے  ملنے کے لیے امڈ آئی تھی۔

مہم کے دوران میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فلم کی کاسٹ نے اپنے مداحوں سے درخواست کی کہ شائقین انٹرنیٹ اور پائریٹڈ سی ڈیز پر مووی دیکھنے کے بجائے سنیما کا رخ کریں تاکہ  پاکستان میں فلم انڈسٹری کو فروغ  ملے۔

اس موقع پر حمزہ علی عباسی نے بتایا کہ فلم کی کاسٹ نے ایئر فورس کے جوانوں کا کردار ادا کرنے کے لیے پہلے ان کے ساتھ وقت گزارا تاکہ کردار کو بہتر انداز میں پیش کیا جا سکے۔

ہانیہ عامر کا کہنا تھا کہ پکستانی فلم انڈسٹری اب اچھی فلمیں بنا رہی ہے، لوگوں کو چاہیے کہ زیادہ  سے زیادہ  تعداد میں سنیما پہنچیں اور پاکستانی فلمز کو  فروغ دیں۔

قبل ازیں فلم کی مرکزی کاسٹ نے منگل کے روز لاہور کے  یونیورسل سنیما اور تین دن قبل اسلام آباد  کے مشہور سینٹورس مال اور جناح پارک  سنی پیکس میں پرستاروں سے ملاقات کے دوران ان کے دل موہ لیے تھے۔

’پرواز ہے جنوں‘  کے ٹریلر کے ساتھ  ساتھ  فلم کی موسیقی نے بھی خاصی داد وصول کی ہے، کامیاب تشہیری مہم کے ساتھ  ساتھ  جاندار ٹریلر اور سپر ہٹ گانوں نے ریلیز سے پہلے ہی فلم کی مقبولیت کو چار چاند لگا دیے ہیں۔

’ہم نیٹ ورک‘ کے بینر تلے مومنہ اینڈ درید پروڈکشنز کی’ پرواز ہے جنوں‘ عید الاضحیٰ  پرملک بھر کے سنیما گھروں میں پیش کی جائے گی۔


متعلقہ خبریں