شاہ فرمان خیبر پختونخوا کے گورنر نامزد


اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے سابق صوبائی وزیر شاہ فرمان کو خیبر پختونخوا کا گورنر بنانے کا فیصلہ کر لیا ہے۔

ترجمان پاکستان تحریک انصاف، فواد چوہدری کے مطابق پارٹی چیئرمین عمران خان نے شاہ فرمان کو خیبر پختونخوا کا گورنر بنانے کی منظوری دے دی ہے۔

شاہ فرمان نے حالیہ عام انتخابات میں تحریک انصاف کے ٹکٹ پر صوبائی اسمبلی کے حلقہ پی کے 70  اور پی کے 71 سے کامیابی حاصل کی تاہم پی کے 70 میں ووٹوں کی دوبارہ گنتی پرعوامی نیشنل پارٹی (اے این پی) کے امیدوار خوش دل خان کامیاب قرار پائے۔

شاہ فرمان نے پاکستان تحریک انصاف کی سابقہ حکومت میں بطور صوبائی وزیر اطلاعات اور پبلک ہیلتھ  خدمات انجام دی ہیں۔

شاہ فرمان کو وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے لیے مضبوط امیدوار سمجھا جا رہا تھا تاہم پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان نے خیبر پختونخوا میں محمود خان کو قائدِ ایوان کے لیے نامزد کیا جو 77  ووٹ لے کر قائد ایوان منتخب ہوئے۔

پی ٹی آئی نے عمران اسمٰعیل کو گورنر سندھ  اور چوہدری سرور کو گورنر پنجاب کے لیے پہلے ہی نامزد کر دیا ہے۔


متعلقہ خبریں