امن کے لیے واجپائی کی کاوشیں یاد رکھی جائیں گی، عمران خان


اسلام آباد: چیئرمین پاکستان تحریک انصاف اور نامزد وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ پاک بھارت تعلقات میں بہتری کے لیے بھارت کے سابق وزیراعظم اٹل بہاری واجپائی کی کاوشیں ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی، ان کی وفات سے جنوبی ایشیا کی سیاست میں بڑا خلا پیدا ہوا ہے۔

بھارت کے سابق وزیراعظم اٹل بہاری واجپائی کے انتقال پر اپنے تعزیتی بیان میں عمران خان نے کہا کہ اٹل بہاری واجپائی برصغیر کی قدآور سیاسی شخصیت تھے، ان کی وفات پر افسوس ہے اور وہ دکھ  کی اس گھڑی میں بھارت کے غم میں شریک ہیں۔

انہوں نے کہا کہ واجپائی نے بطور وزیر خارجہ پاک بھارت تعلقات میں بہتری کا بیڑا اٹھایا جبکہ وزیراعظم کے منصب پر فائز ہونے کے بعد انہوں نے پاک بھارت تعلقات میں بہتری کے ایجنڈے کو آگے بڑھایا، قیام امن  سے ہی اٹل بہاری واجپائی کی خدمات کا حقیقی اعتراف ممکن ہے۔

عمران خان نے کہا کہ دونوں ممالک میں سیاسی اختلافات ہوسکتے ہیں مگر امن کے قیام کی خواہش سرحد کی دونوں جانب پائی جاتی ہے۔

ترجمان دفترخارجہ نے بھی اپنے تعزیتی بیان میں کہا کہ سابق وزیراعظم واجپائی کی وفات قابل افسوس ہے، وہ مثبت سوچ کے حامل سیاستدان تھے اور پاک بھارت تعلقات کو بہتر کرنے میں اہم کردار ادا کرتے رہے۔

انہوں نے کہا کہ واجپائی خطے میں تعاون اور سارک تنظیم کی فعالیت کے بھی حامی تھے، پاکستانی حکومت اور عوام بھارت سے دلی تعزیت کرتے ہیں۔


متعلقہ خبریں