وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کی اسپیکر قومی اسمبلی کو مبارک باد


اسلام آباد: خیبرپختونخوا (کے پی) کے وزیراعلیٰ محمود خان اور اسپیکر مشتاق غنی نے قومی اسمبلی کے نومنتخب اسپیکر اسد قیصر کو مبارک باد دیتے ہوئے کہا ہے کہ ان کی قیادت میں قومی اسمبلی اپنا بھرپور آئینی کردار ادا کرے گی۔

اس موقع پر مشتاق غنی نے کہا کہ خیبر پختونخوا اسمبلی کی طرح اسد قیصر قومی اسمبلی میں بھی تمام ممبران کو بلاتفریق ساتھ  لے کر چلیں گے۔

محمود خان نے کہا کہ اسد قیصر کی قیادت میں خیبرپختونخوا اسمبلی میں ریکارڈ قانون سازی ہوئی ہے، امید ہے کہ وہ اپنی روایت  قومی اسمبلی میں بھی دہرائیں گے۔

اس موقع پر اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کی قیادت میں یہ صوبہ ترقی و خوشحالی کی نئی منازل عبور کرے گا، مشتاق غنی کی اسپیکر شپ کے دوران کے پی اسمبلی مزید فعال انداز میں اپنا کردار ادا کرے گی۔

اسد قیصر کو اسپیکر قومی اسمبلی منتخب ہونے کے بعد مبارک باد کے پیغامات بھی موصول ہو رہے ہیں، متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کے سفیر حامد عبید ابراہیم سالم الا ظبی نے پارلیمنٹ ہاؤس میں ان سے ملاقات کر کے مبارکباد دی جبکہ ایرانی مجلس شوریٰ اسلامی کے اسپیکر علی لاریجانی نے انہیں ٹیلی فون پر مبارک باد دی ہے۔


متعلقہ خبریں