اسٹاک مارکیٹ میں مندی، سرمایہ کاری میں 84 ارب کی کمی

اسٹاک مارکیٹ میں مثبت رجحان سے کاروبار کا آغاز

فوٹو: فائل


کراچی: پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں جمعرات کو بھی کاروبار شدید مندی کے بعد 485 پوائنٹس پر بند ہوا اور ہنڈرڈ انڈیکس 485 پوائنٹس کمی کے بعد ایک بار پھر 41 ہزار کی سطح پر پہنچ  گیا۔

کاروبار کے دوران ہنڈرڈ انڈیکس میں 671 پوائنٹس تک کمی ہوئی تاہم مارکیٹ کے اختتام تک کاروبار میں کچھ بہتری نظر آئی تاہم ہنڈرڈ انڈیکس کاروبار کے اختتام پر 41 ہزار 960 پوائنٹس پر بند ہوا۔

پاکستان اسٹاک ایکس چینج میں مندی کا تسلسل کئی روز سے جاری ہے اور کے ایس ای ہنڈرڈ انڈیکس 42000 کی نفسیاتی حد  سے بھی گرگیا جس کی وجہ سے سرمایہ کاری کی مجموعی مالیت میں 84 ارب52 کروڑ43 لاکھ  روپے سے زائد کی کمی ریکارڈ کی گئی۔

جمعرات کے روز کاروباری حجم  بدھ کی نسبت2.11 فیصد کم رہا جبکہ 74.13 فیصد حصص کی قیمتوں میں کمی ہوئی، حکومتی مالیاتی اداروں اور مقامی بروکریج  ہاؤسز سمیت دیگرانسٹی ٹیوشنزکی جانب سے توانائی، کیمیکل، فوڈ اور ٹیلی کام سیکٹرمیں خریداری کے باعث کاروبار کا آغاز مثبت زون میں ہوا۔

ٹریڈنگ کے دوران ایک موقع  پر کے ایس ای ہنڈرڈ انڈیکس 42481 پوائنٹس کی سطح پر دیکھا گیا تاہم فروخت کے دباؤ اور پرافٹ ٹیکنگ کے سبب مقامی سرمایہ کار گروپوں نے اپنے حصص فروخت کرنے کو ترجیح دی جس کے نتیجے میں تیزی کے اثرات زائل ہو گئے۔

مجموعی طور پر 375 کمپنیوں کے حصص کا کاروبار ہوا جن میں سے 77 کمپنیوں کے حصص کے بھاؤ میں اضافہ،278  کے حصص کی قیمتوں میں کمی جبکہ 20 کمپنیوں کے حصص کے بھاؤ میں استحکام رہا۔

سرمایہ کاری کی مالیت میں 84 ارب52  کروڑ 43 لاکھ 17 ہزار 664 روپے کی کمی ریکارڈ کی گئی جبکہ سرمایہ کاری کی مجموعی مالیت کم ہو کر 86 کھرب 19 ارب 79  کروڑ 8 لاکھ 13 ہزار944 روپے ہوگئی۔

جمعرات کومجموعی طور پر 14 کروڑ 21 ہزار 78 ہزار 380  شیئرز کا کاروبارہوا جو بدھ  کی نسبت 30 لاکھ 74 ہزار 280 شیئرزکم ہیں۔


متعلقہ خبریں