تحریک انصاف آج نامزد وزیر اعلیٰ پنجاب کا اعلان کرے گی

علیم خان نے جہانگیر ترین سے مشاورت تک وقت مانگ لیا

لاہور: پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی  رہنما عبد العلیم خان نے کہا ہے کہ  آج تحریک انصاف  پاکستان مسلم لیگ سے پنجاب چھیننے میں کامیاب ہو گئی ہے، کل شام تک پنجاب کے وزیر اعلیٰ کے امیدوار کا اعلان کیا جائے گا۔

پنجاب ااسمبلی میں تحریک انصاف کے امیدوار کے اسپیکر منتخب ہونے کے بعد میڈیا سے گفتگو میں عبدالعلیم  خان نے کہا کہ مسلم لیگ کہا کرتی تھی کہ پنجاب ان سے کوئی نہیں چھین سکتا لیکن آج تحریک انصاف نے یہ کر دکھایا ہے۔

انہوں نے کہا  کہ پرویز الہٰی کو اکثریت سے کامیاب کرایا ہے، مسلم لیگ نون کے لوگ ووٹ کو عزت دینے کی بات کرتے ہیں، میں ان سے پوچھنا چاہتا ہوں کہ کیا انہوں نے  مسلم لیگ ق میں فارورڈ بلاک نہیں بنایا تھا۔

عبدالعلیم خان نے کہا کہ اپوزیشن کرنا نون لیگ کے بس کے بات نہیں ہے کیونکہ اسے صرف حکمرانی کی عادت ہے۔

پی ٹی آئی کے سینئر رہنما کا کہنا تھا کہ نون لیگ اپوزیشن کرنا ہم سے سیکھیں کیونکہ  ہم نے 7 سال اپوزیشن کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب میں تحریک انصاف ہی حکومت بنائے گی، عمران خان وزیراعلی کے امیدوار کا نام فائنل کریں گے اور کل شام تک وزیراعلیٰ کے لیے نام کا اعلان ہو جائے گا۔


متعلقہ خبریں