پاکستان نے دراندازی کا بھارتی الزام مسترد کردیا


اسلام آباد: پاکستان نے لائن آف کنٹرول (ایل او سی) پر بھارتی فوج کی غیر معمولی نقل و حرکت پربھارت کو متنبیہ کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ کوئی بھی اشتعال انگیزی امن کو تباہ کردے گی۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری کردہ بیان میں دراندازی کے بھارتی الزام کو یکسر مسترد کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ قابل عمل انٹیلیجنس معلومات دی جائیں۔

آئی ایس پی آر کے مطابق پاکستان کے ڈی جی ایم او نے خبردار کیا ہے کہ پاکستان امن کے پرعزم ہے لیکن اگر بھارتی جارحانہ کارروائیاں جاری رہیں تو مؤثر و بھرپور جواب دیا جائے گا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق پاکستان کے ڈی جی ایم او نے واضح کیا ہے کہ پاکستانی فورسز نے ایل او سی پر دہشت گردوں کی موجودگی یا نقل و حرکت نہیں دیکھی ہے۔

پاکستان کے ڈی جی ایم او کے حوالے سے آئی ایس پی آر نے کہا ہے کہ بھارتی اشتعال انگیزی سے چار شہری شہید اور بھارتی فائرنگ سے 32 شہری زخمی  ہوچکے ہیں۔

29 مئی کے رابطے کے بعد پاکستان اور بھارت کے ڈی جی ایم اوز کا گزشتہ روز ہاٹ لائن پر رابطہ ہوا تو پاکستان کی جانب سے سیز فائر کی خلاف ورزیوں اور شہری آبادی کو نشانہ بنانے پر تحفظات کا اظہار کیا گیا۔

پاکستان کے ڈی جی ایم او نے بھارتی ہم منصب کو بتایا کہ 15 اور16 اگست کو لیپا سیکٹر میں بے گناہ شہریوں کو نشانہ بنایا گیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کا کہنا ہے کہ پاکستانی ڈی جی ایم او نے ایل او سی ا ور ورکنگ باؤنڈری پر بھارتی اشتعال انگیزی کو امن کےلیے خطرہ قرار دیا۔


متعلقہ خبریں