انور مجید اور بیٹے کا 24 اگست تک جسمانی ریمانڈ منظور

انور مجید اور بیٹے کا 24 اگست تک جسمانی ریمانڈ منظور | urduhumnews.wpengine.com

کراچی: بینکاری عدالت نے منی لانڈرنگ اور جعلی بینک اکاؤنٹس کیس میں گرفتار اومنی گروپ کے سربراہ اور ان کے بیٹے کا 24 اگست تک جسمانی ریمانڈ منظور کرلیا ہے۔

جمعہ کے روز انور مجید اور ان کے بیٹے عبدالغنی مجید کو وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) کی جانب سے بینکاری عدالت میں پیش کیا گیا اور وکیل ایف آئی اے نے عدالت سے ملزمان کے جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی۔

ملزمان کے وکیل فاروق ایچ نائیک کی جانب سے جسمانی ریمانڈ کی مخالفت کے باوجود عدالت نے وکیل ایف آئی اے کی درخواست منظور کرلی۔

عدالت نے آئندہ سماعت پر ایف آئی اے سے تحقیقات سے متعلق پیش رفت کی رپورٹ بھی طلب کی ہے۔

بدھ کے روز اومنی گروپ کے سربراہ انور مجید اور ان کے بیٹے عبدالغنی مجید کو سپریم کورٹ کے حکم پر گرفتار کیا گیا تھا۔

جعلی بینک اکاؤنٹس کیس میں نامزد ملزمہ فریال تالپور نے ضمانت قبل از گرفتاری حاصل کر رکھی جب کہ ایف آئی اے نے سابق صدر آصف زرداری سمیت 20 ملزمان کو مفرور قرار دے رکھا ہے۔

ایف آئی اے بے نامی اکاؤنٹس سے منی لانڈرنگ کیس میں 32 افراد کے خلاف تحقیقات کر رہی ہے جن میں آصف علی زرداری اور فریال تالپور بھی شامل ہیں جب کہ اسی سلسلے میں گزشتہ دنوں نجی بینک کے سابق صدر حسین لوائی کو ایک اور بینکار کے ہمراہ گرفتار کیا گیا تھا۔


متعلقہ خبریں