عمران خان کی دعوت پر سدھو کی آمد

نجوت سنگ سدھو پاکستان پہنچ گئے | urduhumnews.wpengine.com

لاہور: سابق بھارتی کرکٹر نجوت سنگ سدھو پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی تقریب حلف برداری میں  شرکت کے لیے براستہ واہگہ بارڈر پاکستان پہنچ گئے ہیں۔ چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان جب 22 ویں وزیراعظم کا حلف اٹھائیں گے تو سدھو انہیں کشمیری شال پیش کریں گے جو وہ اپنے ساتھ بطو تحفہ لے کر آئے ہیں۔

پاکستان آمد کے بعد واہگہ بارڈر پر ذرائع ابلاغ (میڈیا) سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان میں تبدیلی کا آغاز ہو گیا ہے اور میں دوست کی خوشیوں میں شرکت کے لیے پاکستان آیا ہوں۔

چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان سے متعلق انہوں نے کہا کہ وہ اپنی کمزوری کو اپنی طاقت میں بدلنا جانتے ہیں۔ نجوت سنگھ سدھو نے کہا کہ آئندہ چھ ماہ میں پتہ چل جائے گا کہ عمران خان عوام کی امیدیں پوری کرتے ہیں یا نہیں؟

ایک صحافی کے سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ اپنے دوست عمران خان کے لیے تحفے میں کشمیری شال لے کر آیا ہوں۔ مقبوضہ کشمیر سے نسبت رکھنے والی ’کشمیری شال‘ عالمی شہرت کی حامل ہے اور بے مثال قرار دی جاتی ہے۔

جنوبی ایشیا سے تعلق رکھنے والے اکثر حکمران اورامرا و رؤسا ایک دوسرے کو تحفتاً ’کشمیری شال‘ پیش کرتے ہیں۔

ذرائع ابلاغ کے مطابق نوجوت سنگھ سدھو کی عمران خان سے آج (بروز جمعہ) ملاقات بھی متوقع ہے لیکن یہ ملاقات اس وقت ہوگی جب چیئرمین پی ٹی آئی ایوان زیریں (قومی اسمبلی) سے وزیراعظم منتخب ہوچکے ہوں گے۔

مبصرین کے مطابق ’سدھو پاجی‘ پہلے بھارتی ہوں گے جو وزیراعظم پاکستان عمران خان سے باقاعدہ ملاقات کریں گے۔ سدھو پاجی بھارتی سیاست میں بھی عمل دخل رکھتے ہیں اوراصولی سیاست کے حوالے سے معروف بھی ہیں۔

ذرائع ابلا غ کے مطابق نوجوت سنگھ سدھو پر بہت دباؤ تھا کہ وہ نومنتخب وزیراعظم پاکستان کی تقریب حلف برداری میں شرکت کے لیے نہ جائیں لیکن انہوں نے ہر قسم کا دباؤ بالائے طاق رکھا اوراپنے دوست کی خوشیوں میں شرکت کےلیے پاکستان پہنچ گئے۔ بذلہ سخن اور ہزاروں اشعارکو ازبر یاد رکھنے والے سدھو پاجی بھارت کے سیاسی، صحافتی، سماجی، کاروباری اورشوبزحلقوں میں بہت زیادہ اثر و رسوخ کے حامل گردانے جاتے ہیں۔

شہرہ آفاق بلے بازنوجوت سنگھ سدھو گزشتہ دو دہائیوں سے بھارتی ٹی وی کے مختلف کامیڈی شوز میں جج کی حیثیت سے شرکت کرتے آرہے ہیں لیکن ’کپل شرما شو‘ نے ان کی شہرت کو بلندیوں پر پہنچادیا۔ اسی شو کی وجہ سے وہ ’سدھو پاجی‘ کے نام سے اس قدر معروف ہوئے کہ لوگوں کی بڑی تعداد ان کا اصل نام ہی بھول گئی۔

چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان کی جانب سے سنیل گواسکر، کپیل دیو اورنوجوت سنگھ سدھو کو تقریب حلف برداری میں شرکت کی دعوت دی گئی تھی۔

سابق بھارتی بلے باز سنیل گواسکر نے کرکٹ کمنٹری میں مصروفیات کے سبب تقریب حلف برداری میں شرکت سے معذرت کرلی تھی۔ سابق بھارتی آل راؤنڈر کپل دیو نے پہلے دعویٰ کیا تھا کہ اگر انہیں مدعو کیا گیا تو وہ ضرور پاکستان جائیں گے مگر بعد میں انہیں ذاتی مصروفیات یا د آگئیں۔

سیاسی مبصرین کپل دیو کی عدم شرکت کی وجہ ’دباؤ‘ ہی کو قرار دے رہے ہیں۔


متعلقہ خبریں