برمنگھم کی مساجد پر غلیلوں سے حملہ


برطانیہ: برمنگھم کی دو مساجد پر کیے جانے والے حملوں کے بعد پولیس تعینات کردی گئی ہے اورعلاقے میں سیکیورٹی فورسز کے گشت میں اضافہ ہوگیا ہے۔

عالمی ذرائع ابلا غ کے مطابق اسمال ہیتھ میں واقع فاسبروک روڈ پر قائم مسجد قمرالاسلام سے پولیس کو کال کرکے طلب کیا گیا اور پھرتقریباً نصف گھنٹے بعد  ہی ہوب مور روڈ پرواقع الحجرہ مسجد سے بھی پولیس کو فون کال ملی جس میں اسے طلب کیا گیا تھا۔

ذرائع ابلاغ کے مطابق پولیس جب مساجد پہنچی تو اسے  دکھایا اور بتایا گیا کہ غلیلوں سے بال بیئرنگ پھینکے گئے ہیں جس سے کھڑکیوں کے شیشے ٹوٹ گئے ہیں۔ غلیلوں سے حملے اس وقت کیے گئے جب مساجد میں نماز کی ادائیگی کی جارہی تھی۔

پولیس حکام تاحال کیے جانے والے حملوں کے مقاصد معلوم کرنے میں کامیاب نہیں ہوسکے ہیں لیکن اہل علاقہ اورنمازیوں میں احساس تحفظ پیدا کرنے کے لیے گشت شروع  کرا دیا گیا ہے اور مساجد پر پولیس تعینات ہے۔

پولیس نے ان افراد سے مدد کی بھی درخواست کی ہے جو اس واقعہ سے متعلق کچھ جانتے ہیں۔ پولیس حکام کے مطابق پھینکے گئے بال بیئرنگ اس بات کا ثبوت ہیں کہ بہت طاقتور غلیلوں کا استعمال کیا گیا ہے۔

یورپ میں آباد مسلمانوں کو کافی عرصے سے شدت پسندی کا سامنا کرنا پڑرہا ہے اورتسلسل کے ساتھ ایسے واقعات پیش آرہے ہیں جس میں بطور خاص مسلمانوں کو نشانہ بنایا جاتا ہے۔ نشانہ بننے والوں میں خواتین کی تعداد زیادہ ہے۔


متعلقہ خبریں