محمود خان نے وزیراعلیٰ کے پی کا حلف اٹھالیا


پشاور: خیبرپختونخوا (کے پی) کے نومنتخب وزیر اعلیٰ محمود خان نے اپنے عہدے کا حلف اٹھا لیا ہے۔ گورنر کے پی اقبال ظفر جھگڑا نے نو منتخب وزیراعلیٰ سے حلف لیا۔ گورنر نے نو منتخب وزیراعلیٰ کو منصب سنبھالنے پر مبارکباد دی اورنیک خواہشات کا بھی اظہارکیا۔

حلف برداری کی تقریب گورنر ہاؤس پشاور میں منعقد ہوئی جس میں اراکین صوبائی اسمبلی سمیت دیگراعلیٰ سیاسی شخصیات، عسکری حکام اورسول سوسائٹی کے اہم افراد  نے شرکت کی۔

خیبرپختونخوا اسمبلی نے گزشتہ روز خفیہ رائے شماری کے ذریعے پاکستان تحریک انصاف کے نامزد امیدوار محمود خان کو وزیراعلیٰ کے پی منتخب کیا تھا ۔ انہوں نے ایوان سے 77 ووٹ حاصل کیے تھے۔ ان کے مدمقابل متحدہ اپوزیشن کے  امیدوار میاں نثار گل کو 33 ووٹ ملے تھے۔

نومنتخب وزیراعلیٰ کے پی محمود خان نے منتخب ہونے کے بعد اراکین اسمبلی کا شکریہ ادا کتے ہوئے کہا تھا کہ صوبے کے حقوق کے لیے جدوجہد کریں گے اور عوام کے بھروسے کو ٹھیس نہیں پہنچنے دوں گا۔

انہوں نے وعدہ کیا تھا کہ  پی ٹی آئی کے منشور اور عمران خان کے ویژن پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔


متعلقہ خبریں