گورنر خیبرپختونحواہ اقبال ظفر جھگڑا اپنے عہدے سے مستعفی


پشاور: خیبرپختونحواہ کے گورنر اقبال ظفر جھگڑا  نے اپنے عہدے سے استعفی دینے کا اعلان کر دیا ہے۔

گورنر ہاؤس پشاور میں اپنی الوداعی پریس کانفرنس میں انہوں نے کہا کہ انہیں کئی لوگوں نے استعفی دینے سے روکا تھا تاہم مسلم لیگ نون کے قائد نواز شریف نے ملاقات کے دوران انہیں ہدایت کی کہ وہ اپنی آئینی ذمہ داری پوری کرنے کے بعد استعفی دے دیں۔

اقبال ظفر جھگڑا نے کہا کہ انہوں نے اپنی آئینی ذمہ داریاں احسن طریقے سے پوری کر لی ہیں، بطور گورنر سا بقہ قبائلی علاقوں میں  تین نئے کیڈٹ کالج بن چکے ہیں جن میں سے ایک  وزیرستان میں ہے، اسکے علاوہ 9 نئے ڈگری کالجز بھی فاٹا میں قائم کیے گئے، فاٹا میں 77 نئے پرائمری اسکول بنائے گئے اور 200 سے زائد اسکولوں کو اپ گریڈ کیا گیا۔

بطور گورنر اپنی کارکردگی بیان کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ان کے دور میں فاٹا میں 10 ہزارسے زائد طلباء اور طالبات کو مفت فنی تعلیم دی گئی۔

اقبال ٖظفر جگھڑا نے کہا کہ انہوں نے فاٹا کے انضمام کے لیے  قبائلیوں سے رائے لی جن کی اکثریت نے فاٹا کے خیبر پختونخواہ کے ساتھ انضمام کی حمایت کی۔

گورنر خیبرپختونخوا نے  سابق وزیراعظم نواز شریف کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ  انہوں نے امن وامان کے لیے بڑے اور مشکل فیصلے کیے، ان فیصلوں کی وجہ سے اب فاٹا کے علاقوں میں بندوبستی علاقوں سے زیادہ امن ہے۔

انہوں نے کہا کہ آپریشن کے بعد بے گھرافراد (آئی ڈی پیز) کی واپسی بہت بڑا چیلنج تھا جس سے حکومت نے بڑے احسن طریقے سے نمٹا، 98 فیصد سے زیادہ آئی ڈی پیز اپنے علاقوں کو واپس جا چکے ہیں۔


متعلقہ خبریں