ملک بھر میں پی ٹی آئی کے کھلاڑیوں کا جشن


اسلام آباد: چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان کے وزیراعظم منتخب ہوتے ہی ملک بھر میں جشن شروع ہوگیا اور پی ٹی آئی کے حمایتیوں کی بڑی تعداد سڑکوں پر نکل آئی۔

ملتان میں پاکستان تحریک انصاف  کے کارکنوں نے عمران خان کی فتح کا اعلان ہوتے ہی باہر نکل کر ڈھول کی تھاپ پر بھنگڑے ڈالے جبکہ نواب پور روڈ پر گھڑ ڈانس کیا گیا۔

گوجرانوالہ میں بھی کپتان کے کھلاڑیوں اپنے قائد کے حق میں نعرے لگائے اور ایک دوسرے کو مٹھائیاں کھلائیں،  اس دوران پنجاب کا روایتی بھنگڑا بھی ڈالا گیا۔

فیصل آباد کوہ نور سٹی میں پی ٹی آئی کے کارکنوں نے گھروں سے باہر نکل کر بھرپور جشن منایا۔ انہوں نے مٹھائیاں بھی تقسیم کیں، لوگوں کا کہنا تھا کہ عمران خان کی کئی سالوں کی محنت رنگ لائی ہے۔

عمران خان کے آبائی شہر میانوالی میں بھی لوگ باہر نکل آئے اور ایک دوسرے کو مبارک بادیں دیتے رہے، پی ٹی آئی کارکنوں کا کہنا تھا کہ عمران خان کا پہلی بار وزیراعظم منتخب ہونا ان کے لیے فخر کا باعث ہے۔

پنجاب کے ساتھ ساتھ دیگر صوبوں میں بھی پی ٹی آئی کے حمایتیوں نے جوش و خروش سے فتح کا جشن منایا، بہت سے شہروں میں آتش بازی کا مظاہرہ بھی کیا گیا۔


متعلقہ خبریں