کراچی سمیت سندھ کے بڑے شہروں میں بجلی کا بریک ڈاؤن

ہائی ٹینشن لائن ٹرپ، شہر قائد سمیت سندھ بھر میں بجلی کا بریک ڈاؤن|humnews.pk

کراچی: جام شورو سے کراچی آنے والی ہائی ٹینشن لائن ٹرپ ہونے سے کراچی، حیدرآباد اور جامشورو سمیت سندھ کے متعدد علاقے اندھیرے میں ڈوب گئے، شہر قائد کے 80 فیصد علاقے بجلی سے محروم ہو گئے۔

ذرائع کے مطابق ایکسٹرا ہائی ٹیشن لائن ٹرپ کرنے سے متعدد گریڈ اسٹیشن بند ہوگئے جس کے باعث گورنر و وزیراعلیٰ ہاؤس، ایئرپورٹ کے اطراف، ملیر، شاہ فیصل کالونی، آئی آئی چندریگرروڈ، سہراب گوٹھ، گلشن اقبال، لسبیبلہ، گارڈن، ملیر، نارتھ ناظم آباد، ڈیفنس، گلشن اقبال، گلستان جوہر، لانڈھی، گلشن حدید، کورنگی، سولجر بازار، گارڈن، نارتھ کراچی، صدر، گرومند، لیاقت آباد، کھارادر، میٹھا در اور کیماڑی سمیت کئی علاقے بجلی سے محروم ہوگئے۔

دوسری جانب نیشنل ٹرانسمیشن کی پانچ سو کے وی جامشورو مین گرڈ اسٹیشن سے بجلی کی فراہمی بند ہوگئی جس کے باعث حیدرآباد شہر کو بھی بجلی کے بریک ڈاؤن کا سامنا ہے جبکہ جامشورو میں فنی خرابی کے باعث حیسکو ریجن کے سات اضلاع میں 21 گرڈ اسٹیشنز متاثر ہوئے ہیں۔ اس وقت حیدرآباد، جامشورو، ٹنڈوالہیار، میرپورخاص، عمرکوٹ، بدین، ٹنڈو محمد خان میں بجلی کا بحران پیدا ہوگیا ہے۔

ترجمان کراچی الیکٹرک (کے ای) نے کہا ہے کہ ای ایچ ٹی ٹرپنگ کی وجہ سے شہر کے بیشتر حصوں میں اس وقت بجلی کی فراہمی معطل ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ہائی ٹینشن لائن ٹرپ ہوجانے کےباعث نیشنل گرڈ سے کے ای کو ملنے والی 600 میگاواٹ بجلی کی فراہمی معطل ہو گئی ہے تاہم فالٹ کی تلاش اور مرمت کےلیے کے ای کی ٹیموں کو روانہ کردیا گیا ہے۔

شہر میں ایک ہفتے کے دوران یہ بجلی کا دوسرا بڑا بریک ڈاؤن ہے اس سے قبل 11 اگست کوبھی بجلی کا اسی طرح کا بریک ڈاؤن ہوا تھا جس کے باعث شہری سخت پریشانی میں مبتلا رہے تھے۔

گرمی کے موسم میں کراچی کو ہمیشہ اعلانیہ اور غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کا سامنا تو کرنا پڑتا ہے اور اس طرح کے بجلی کے مسائل رہی سہی کسر بھی پوری کر دیتے ہیں۔


متعلقہ خبریں