پاکستان نے طالبان کے علاج کا الزام مسترد کردیا

فوٹو: فائل


اسلام آباد: پاکستانی دفتر خارجہ نے افغانستان کی جانب سے لگائے گئے اس الزام کو مسترد کردیا ہے جس میں کہا گیا تھا کہ پاکستان میں زخمی طالبان کا علاج کیا جاتا ہے۔

پاکستانی دفتر خارجہ کے ترجمان ڈاکٹر فیصل نے ایک بیان میں کہا ہے کہ افغان حکومت کی جانب سے سرکاری سطح پر ایسی کوئی معلومات فراہم نہیں کی گئی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ سرکاری سطح پر معلومات کے بغیر ایسے الزامات دو طرفہ تعلقات کو مزید خراب کر سکتے ہیں۔

گزشتہ روز افغان صدر اشرف غنی نے الزام عائد کیا تھا کہ غزنی میں افغان فوج کے ساتھ جنگ کے دوران زخمی ہونے والے طالبان کو پاکستان کے اسپتالوں میں داخل کیا جاتا ہے۔

انہوں نے یہ الزام بھی عائد کیا کہ افغانستان میں پاکستان سے جنگجو آتے ہیں۔

افغانستان کی جانب سے ماضی میں بھی پاکستان پر طالبان کی معاونت کے الزام لگائے جا چکے ہیں لیکن تاحال اس کا کوئی ثبوت فراہم نہیں کیا گیا ہے۔

پاکستان کا موقف رہا ہے کہ وہ اپنی سرزمین کسی بھی دوسرے ملک کے خلاف استعمال ہونے کی اجازت نہیں دے سکتا۔ مختلف مواقع پر پاکستانی ادارے بھی اس مقصد کے لیے خصوصی کارروائیاں کرتے رہے ہیں۔


متعلقہ خبریں