نئے وزیراعظم کی خوشی میں بھنگڑے اور ہوائی فائرنگ

نئے وزیراعظم کی خوشی میں ناشے اور ہوائی فائرنگ | urduhumnews.wpengine.com

اسلام آباد: نومنتخب وزیراعظم عمران خان کی تقریب حلف برداری کے بعد ملک کے مختلف حصوں میں پاکستان تحریک انصاف کے کارکن ہوائی فائرنگ اور مٹھائیاں تقسیم کر کے اپنے جذبات کا اظہار کر رہے ہیں۔

پہلوانوں کے شہر گوجرنوالہ میں پی ٹی آئی کے ٹکٹ پر رکن قومی اسمبلی منتخب ہونے والے علی اشرف مغل نے اپنی رہائش گاہ پر عوام کے لیے ناشتے کا اہتمام کیا جس میں مقامی رہنماؤں نے بھی شرکت کی۔

ٹیلی ویژن اسکرین پرعمران خان کی تقریب حلف برداری دیکھنے آنے والوں کے لیے ناشتے کی ڈشز میں حلوہ پوری، نان چنے کا اہتمام کیا گیا ہے۔

عمران خان کے آبائی شہر میانوالی میں بھی لوگ گھروں سے باہر نکلے اور ایک دوسرے کو مبارک بادیں دیتے رہے، پی ٹی آئی کارکنوں کا کہنا تھا کہ عمران خان کا پہلی بار وزیراعظم منتخب ہونا ان کے لیے فخر کا باعث ہے۔

پنجاب کے ساتھ ساتھ دیگر صوبوں میں بھی پی ٹی آئی کے حمایتیوں نے جوش و خروش سے فتح کا جشن منایا، بہت سے شہروں میں آتش بازی کا مظاہرہ بھی کیا گیا۔

خیبرپختونخوا کے ضلع بنوں میں نومنتخب وزیراعظم کی حلف برداری کی خوشی میں آتش بازی کا مظاہرہ گیا اور مٹھائیاں بھی تقسیم کی گئی ہیں۔

عمران خان نیازی کے وزیر اعظم منتخب ہونے کی خوشی میں نیازی ایکسپریس نے اعلان کیا ہے کہ میانوالی سے لاہور کے لیے عیدالاضحی تک مفت سفر کی سہولت فراہم کی جائے گی۔ میانوالی سے لاہور کا کرایہ سات سو روپے ہے۔

خیبرپختونخوا کے ضلع کرک میں بھی تحریک انصاف کارکنوں نے ہوائی فائرنگ کی جس سے علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ پولیس نے معاملہ دیکھا لیکن کوئی کارروائی کرنے کے بجائے غیر متعلق رہی۔

عمران خان نے آج ہفتہ کو پاکستان کے 22ویں وزیراعظم کی حیثیت سے حلف اٹھایا ہے۔ صدرمملکت ممنون حسین نے نو منتخب وزیراعظم سے حلف لیا۔ حلف برداری کی تقریب ایوان صدر میں منعقد ہوئی جس میں ملکی اور غیر ملکی اہم شخصیات نے شرکت کی۔


متعلقہ خبریں