بارشوں کے باعث دریاؤں میں پانی کی صورتحال بہتر


اسلام آباد: ملک بھر کے دریاؤں اور آبی ذخیروں میں پانی کی صورتحال بارشوں کے بعد بہتر ہوگئی ہے۔

انڈس ریور سسٹم اتھارٹی ( ارسا ) کے مطابق ملکی دریاؤں میں پانی کا ذخیرہ 8 اعشاریہ 768 ملین ایکڑ فٹ ( ایم اے ایف ) ہے جبکہ پانی کی آمد 352 ایم اے ایف اور اخراج 282 ایم اے ایف ہے۔

ارسا کے مطابق تربیلا ڈیم میں پانی کی موجودہ سطح ایک ہزار 547 فٹ ہے جبکہ تربیلا ڈیم میں قابلِ استعمال پانی کا ذخیرہ 5.876 ایم اے ایف ہے، اسی طرح منگلا ڈیم میں پانی کی موجودہ سطح ایک ہزار 169 ایم اے ایف جبکہ قابلِ استعمال پانی کا ذخیرہ 2.616 ایم اے ایف ہے۔

دریائے سندھ میں پانی کی آمد 2 لاکھ 10 ہزار 2 سو کیوسک ہے اور اخراج ایک لاکھ 59 ہزار کیوسک ہے، اسی طرح دریائے کابل میں پانی کی آمد اور اخراج 41 ہزار 7 سو کیوسک ہے۔

دریائے جہلم میں بھی پانی کی صورتحال بہتر ہو گئی ہے، پانی کی آمد 28 ہزار 800 کیوسک اور اخراج 10 ہزار کیوسک ہے جبکہ دریائے چناب میں پانی کی آمد 71 ہزار 3 سو کیوسک اور اخراج 42 ہزار 6 سو کیوسک ہے۔

دریاؤں کے علاوہ ملک کے مختلف بیراجوں میں بھی پانی کی صورتحال تسلی بخش ہے۔ جناح بیراج میں پانی کی آمد 2 لاکھ کیوسک اور اخراج ایک لاکھ 92 ہزار کیوسک اور چشمہ بیراج میں پانی کی آمد ایک لاکھ 91 ہزار کیوسک اور اخراج ایک لاکھ 70 ہزار کیوسک ہے۔

تونسہ بیراج کی صورتحال بھی بہتر ہے جہاں پانی کی آمد 2 لاکھ 74 ہزار 3 سو کیوسک ہے اور پانی کا اخراج 2 لاکھ 53 ہزار 2 سو کیوسک ہے، پنجند میں پانی کی آمد 27 ہزار 5 سو اور اخراج 12 ہزار 7 سو ہے۔

سندھ کے گدو بیراج میں پانی کی آمد 2 لاکھ 41 ہزار 5 سو کیوسک اور اخراج 2 لاکھ 12 ہزار 4 سو کیوسک ہے، سکھر بیراج میں پانی کی آمد ایک لاکھ 86 ہزار 9 سو کیوسک اور اخراج ایک لاکھ 31 ہزار 5 سو کیوسک ہے، اسی طرح کوٹری بیراج میں پانی کی آمد 51 ہزار 6 سو کیوسک اور اخراج 11 ہزار 3 سو کیوسک ہے۔


متعلقہ خبریں