ڈانس کا مقصد پاکستان میں سیاحت کا فروغ تھا، ایوا زوبیک

ڈانس کا مقصد پاکستان میں سیاحت کا فروغ تھا، ایوا زوبیک

اسلام اباد: پاکستان انٹر نیشنل ائیرلائینزکے طیارے میں ‘کی کی چیلنج’  ڈانس سے مشہور ہونے والے خاتون پولش سیاح ایوا زوبیک نے کہا ہے کہ پاکستانی پرچم میں ڈانس کا مقصد ملک میں سیاحت کا فروغ اور اس کا مثبت تشخص اجاگر کرنا تھا۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ایوا زوبیک کا کہنا تھا کہ نئی نئی جگہوں پر جانا ان کا مشن ہے، انہوں نے کہا کہ پی آئی اے کے طیارے میں ’کی کی چیلنج‘  کا مقصد پاکستان کا یوم آزادی ایک الگ انداز میں منانا تھا جس کی اجازت پی آئی  اے انتظامیہ کی جانب سے اجازت دی گئی تھی۔

پاکستانی پرچم میں رقص کرنے والی پولش سیاح ایوا زو بیک کی ویڈیو کا معاملہ

پاکستانی پرچم پہنے ہوئے رقص کرنے والی پولش سیاح ایوا زو بیک کی ویڈیو کا معاملہ #HUMNews #PakistaniFlag

Posted by HUM News on Wednesday, August 15, 2018

انہوں نے کہا کہ جس جہاز میں ’کی کی چیلنج‘  کیا، اس میں  سفید رنگ کا بورڈ  نظر آ رہا ہے جس سے جہاز کے ماڈل کی نشان دہی ہوتی ہے، ان کا کہنا تھا  کہ عوام کی جانب سے ان کے اس اقدام کی بہت پذیرائی ہوئی۔

زوبیک نے کہا وہ کراچی میں سیاحت  کو فروغ  دینے کے حوالے سے ایک ویڈیو پر کام کر رہی ہیں، پا کستان کا امیج جو میڈیا پر دیکھا تھا یہاں آ کر اس سے بالکل مختلف پایا۔

انہوں نے اعلان کیا کہ وہ آئندہ چند ماہ میں پاکستان کا مثبت تشخص اجاگر کرنے کے لیے سوشل میڈیا  پر مہم شروع کریں گی۔

پاکستان کی تعریف کرتے ہوئے زوبیک نے کہا کہ پا کستان دنیا کی بہترین جگہوں میں سے ایک ہے اور یہاں کی وادیاں بہت خوبصورت اور پرکشش ہیں۔

انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ وہ پاکستان کا مثبت تشخص  دنیا میں اجاگر کرنے کی بھر پور کوششیں  کریں گی۔

پی آئی اے کے طیارے میں پا کستان کے پرچم کے ساتھ  رقص کرنے کا قومی احتساب بیورو (نیب) نے نوٹس لیا تھا، چیئرمین نیب کا کہنا تھا کہ قومی پرچم میں ڈانس سے پرچم کی بے حرمتی ہوئی انہوں نے پی آئی اے کے چئرمین سے اس حوالے سے جواب بھی طلب کیا تھا۔ 

ایوا زوبیک نے یوم آزادی کے موقع  پر پاکستان کے بارے میں اپنے ویڈیو پیغام میں کہا تھا کہ وہ کچھ  مہینوں سے اپنا سب سے زیادہ وقت پاکستان میں گزار رہی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ میرے ذہن میں بہت سے سوالات  تھے کہ مجھے پاکستان سے اتنی محبت کیوں ہو گئی ہے اور یہی ملک کیوں، تاہم اب مجھے اس کے جوابات مل گئے ہیں، یہاں ایسی بہت سی چیزیں ہیں جس کی وجہ سے اس ملک سسے محبت ہو سکتی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ انہیں پاکستان کی ’اقدار اور رسم و رواج ‘ بہت زیادہ  پسند آئے، یہاں کے لوگ محبت کرنے والے اور مہمان نواز ہیں، جب آپ کسی کے گھر جاتے ہیں تو آپ کو بہت زیادہ عزت دیتے ہیں، یہاں کے لوگ اپنی اقدار کے ساتھ وفادار ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستانیوں کے دل بہت بڑے ہیں، وہ بہت مہربان اور محبت کرنے والے لوگ ہیں اور مہمانوں کو کھلی بانہوں سے خوش آمدید کہتے ہیں۔

ایوا زوبیک نے کہا کہ پاکستان کے لوگ بہت زیادہ مثبت سوچ رکھتے ہیں اور ہر وقت پر امید رہتے ہیں کہ چیزیں بہتر ہو جائیں گی اور ہمیشہ مثبت ہی سوچتے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ مجھے پاکستان میں کبھی مشکل کا سامنا نہیں کرنا پڑا، یہاں کے لوگ بہت مہربان ہیں، آپ کی بات سنتے ہیں اور آپ کو صحیح معلومات فراہم کرتے ہیں، پاکستان میں میرے ساتھ  کبھی ایسا نہیں ہوا کہ مجھے مدد کے لیے انکار کیا گیا ہو۔

انہوں نے کہا کہ میں آپ کو بتانا چاہتی ہوں کہ مجھے پاکستان کی کون سی چیز سب سے زیادہ  پسند ہے، یہ تھوڑا مشکل ہے لیکن پاکستان سے متعلق مغرب میں جو غلط فہمیاں ہیں، ان سب سے دور پاکستان کے لوگ محبت کرنے والے اور ہمیشہ مثبت سوچ رکھنے والے، گرم جوش اور خوش آمدید کہنے والے ہیں اور ان کے چہروں پر مہمانوں کو دیکھ کر بہت زیادہ خوشی آ جاتی ہے۔


متعلقہ خبریں