عمران کے ساتھ مل کر تعلیم نسواں پر کام کرنا چاہتی ہوں، ملالہ

عمران خان کے ساتھ مل کر تعلیم نسواں پر کام کرنا چاہتی ہوں،ملالہ


اسلام آباد: طالبان کے قاتلانہ حملےمیں زندہ بچ جانے والی اور دنیا کی سب سے کم عمر نوبل انعام یافتہ ملالہ یوسف زئی کا کہنا ہے کہ وہ پاکستان کے نئے وزیرِاعظم عمران خان کے ساتھ مل کر ملک میں تعلیم نسواں کو فروغ دینا چاہتی ہیں۔

ملالہ نے یہ بات جمعہ کے روز سوشل میڈیا کی سائٹ پر ٹوئٹ کے ذریعے کہی۔

اپنی ٹوئٹ میں عمران خان کو وزیراعظم منتخب ہونے پر مبارکباد دیتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ وہ عمران خان کے ملک میں بچوں اور خواتین کی تعلیم  میں بہتری لانے اور سیکیورٹی صورتحال بہتر بنانے کےاعلان سے بہت خوش ہیں۔

ملالہ نے کہا کہ ان کی خواہش ہے کہ پاکستان تحریک انصاف اپنے 100 دن کے ایجنڈا کے مطابق ملک میں تعلیم کو فروغ دے۔

ان کا کہنا تھا کہ وہ اس حوالے سے عمران خان اور ان کی حکومت کے ساتھ مل کر کام کرنے کے لیے تیار ہیں اور چاہتی ہیں کہ ملک کی  30 لاکھ سے زائد اسکول نہ جانے والی بچیوں کو معیاری اور مفت تعلیم دلایئں۔

ملالہ نے اس خواہش کا اظہار کیا کہ ایک دن پاکستان دنیا بھر میں تعلیم کے میدان میں سب سے آگے ہو اور اس ملک کا ہر بچہ ضروری تعلیم حاصل کر کے سنہرے مستقبل کے اپنے خواب پورے کر سکے۔

ملالہ نے کہا  کہ وہ پرامید ہیں کہ اس حکومت میں یہ سب ممکن ہے اور اس کارِعظیم میں وہ عمران خان کے ہمراہ کام کرنا چاہتی ہیں۔


متعلقہ خبریں