معیشت کی زبوں حالی، ایرانی صدر پارلیمنٹ میں طلب

امریکہ کے فیصلوں کو اب قبول نہیں کیا جائے گا، ایرانی صدر | urduhumnews.wpengine.com

تہران: ایرانی صدر حسن روحانی 28 اگست کو ایرانی پارلیمنٹ کے سا منے پیش ہو کر گرتی ہوئی ایرانی معیشت اور بڑھتی ہوئی بے روزگاری پر اراکین پارلیمنٹ کے سخت سوالات کا جواب دیں گے۔

ایک ایرانی نیوز ایجنسی کے مطابق یہ پہلی بار ہوا ہے کہ ایرانی پارلیمنٹ نے موجودہ صدر کو ایوان میں طلب کیا ہے، ایرانی پارلیمنٹ کےاراکین ملک کی معاشی صورتحال اور اس سے جڑے مسائل کے بارے میں بحث کریں گے اور  حکومتی اقدامات کے حوالے سے سوالات پوچھیں گے۔

رواں برس اپریل سے اب تک ایرانی ریال کی قیمت میں پچاس فیصد سے زیادہ کمی واقع ہو چکی ہے جس کی وجہ سے ایرانی معیشت زبوں حالی کا شکار ہے اور صدر روحانی سخت دباؤ میں ہیں۔

موجودہ ایرانی صدر کو ایک عملیت پسند رہنما گردانا جاتا ہے، انہوں نے 2015 میں ملک کے جوہری پروگرام پر سمجھوتہ کر کے مغرب کے ساتھ  ایران کے اختلافات کی شدت کو کم کیا تھا۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے جوہری معاہدے سے الگ ہونے اور ایران پر پھر سے پابندیاں لگانے کی دھمکیوں کے بعد صدر روحانی کو ملک کے اندر شدید تنقید کا سامنا ہے۔

ایرانی نیوز ایجنسی کے مطابق ایرانی اراکین پارلیمنٹ صدر روحانی سے جاننا چاہتے ہیں کہ ایران اور عالمی طاقتوں کے درمیان مشہورزمانہ معاہدے کے دو سال گزرنے کے باوجود ایرانی بینکوں کو عالمی مالیاتی خدمات تک محدود رسائی کیوں ہے۔

 


متعلقہ خبریں