ناٹنگھم ٹیسٹ: بھارت کے 6 وکٹوں پر 307 رنز

ناٹنگھم ٹیسٹ: پہلے دن کے اختتام پر انڈیا نے 307 رنز بنا لیے


ناٹنگھم ٹیسٹ: ٹرینٹ برج گراؤنڈ پر جاری تیسرے ٹیسٹ کے پہلے روز کے اختتام پر بھارت نے انگلینڈ کے خلاف 6 وکٹوں کے نقصان پر 307 رنز بنا لیے ہیں۔

پہلے دن 87 اوورز کا کھیل ممکن ہو سکا، ہاردیک پانڈیا 18 رنز بنا کر آؤٹ ہونے والے آخری بلے باز تھے جبکہ اپنا پہلا ٹیسٹ میچ کھیلنے والے نوجوان بلے باز ریشبھ پنٹ 22 رنز کے ساتھ کریز پر موجود ہیں۔

اس سے قبل انگلینڈ ٹیم کے کپتان جو روٹ نے ٹاس جیت کر مخالف ٹیم کو پہلے بلے بازی کی دعوت دی۔ مسلسل دو میچوں میں ناکام ہونے والے مورلی وجے کی جگہ کے ایل راہول کو شکھر دھون کے ساتھ اوپننگ کے لیے بھیجا گیا۔

دونوں کھلاڑیوں نے ٹیم کو اچھا آغاز فراہم کیا اور اسکور کو بنا کسی نقصان کے 60 رنز تک پہنچا دیا، 60 رنز کے مجموعی اسکور پر دھون آؤٹ ہوئے، انہوں نے 35 رنز بنائے، ان کے جانے کے بعد اسکور میں 5 رنز کے اضافے کے بعد راہول بھی 23 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔

انگلینڈ کو تیسری وکٹ لارڈز ٹیسٹ کے مردِ میدان کرس ووکس نے دلائی جب انہوں نے 14 رنز بنانے والے چیتیشور پجارا کو 82 کے مجموعی اسکور پر آؤٹ کیا۔

لنچ بریک کے قریب انڈین ٹیم شدید مشکلات کا شکار تھی، ایسے میں کپتان ویرات کوہلی اور اجنکیا رہانے نے 159 رنز کی شاندار شراکت داری قائم کر کے ٹیم کو مشکلات سے نکالا، اس عمدہ پارٹنرشپ کی بدولت بھارتی ٹیم نے دوسرے سیشن میں بغیر کسی نقصان کے 107 رنز بنائے جو ٹیم کے لیے اس ٹیسٹ سیریز میں اب تک کا سب سے بہترین سیشن ثابت ہوا۔

241 کے مجموعہ پر پانچویں وکٹ رہانے کی گری جب وہ 81 رنز بنا کر اسٹوورٹ براڈ کا شکار بنے،  ان کے بعد جب کپتان کوہلی 97 رنز بنا کر آوٹ ہوئے تو ٹیم کا اسکور 279 تھا۔

پنٹ اور پانڈیا کے درمیان چھٹی وکٹ کے لیے 28 رنز کی شراکت قائم ہوئی، پانڈیا 87ویں اوور میں جیمز اینڈرسن کی گیند پر آؤٹ ہوئے تو امپائرز نے پہلے روز کا کھیل ختم کرنے کا اشارہ کردیا-
انگلینڈ کی جانب سے کرس ووکس نے 3 جبکہ عادل رشید، جیمز اینڈرسن اور اسٹوورٹ براڈ نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

متعلقہ خبریں