دھاندلی کی تحقیقات پر سمجھوتہ نہیں ہو گا، حمزہ شہباز


لاہور: مسلم لیگ نون کے رہنما اور رکن پنجاب اسمبلی حمزہ شہباز نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف پنجاب میں غیرمعقول اور بے ڈھنگے فیصلے کر رہی ہے۔

مسلم لیگ نون پنجاب کی پارلیمانی پارٹی کے اجلاس کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہم کسی صورت جمہوریت کو پٹری سے نہیں اتارنا چاہتے تاہم دھاندلی کی تحقیقات پر بھی کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔

حمزہ شہباز نے کہا کہ عمران خان صرف نعروں سے کچھ حاصل نہیں کرسکیں گے اُنہیں ملک میں کام کر کے دکھانا ہوگا جبکہ ہم اسمبلی میں اپوزیشن کرتے ہوئے صرف مسائل پر ہی بات کریں گے۔

حمزہ شہباز نے کہا کہ کسی بھی جماعت کے لیے پنجاب میں شہبازشریف کا مقابلہ کرنا مشکل ہو گا، اسمبلی میں ہارس ٹریڈنگ اور فلورکراسنگ کسی صورت قبول نہیں کی جائے گی۔

اس موقع پر مسلم لیگ نون کے رہنما اور سابق صوبائی وزیر خواجہ عمران نذیر نے کہا کہ 19 اگست کو وزیراعلی کے لیے انتخاب میں مسلم لیگ نون پوری یکسوئی سے حصہ لے گی، اب فارورڈ بلاک بننے کی باری پی ٹی آئی کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ جن لوگوں نے اپنی عمر کے سترہ سترہ سال پی ٹی آئی کو دیے انہیں پس پشت ڈال دیا گیا ہے، اب تو صورتحال یہ ہے کہ تحریک انصاف کی اے ٹی ایم مشینیں بھی ہاتھ ملتی رہ گئی ہیں۔

خواجہ عمران نذیر نے کہا کہ عمران خان جس تبدیلی کا نعرہ لگاتے ہیں اس کا اظہار پنجاب کے نامزد وزیراعلیٰ ہیں جن پر قتل کے الزامات ہیں۔ عمران خان جن جماعتوں پر تنقید کیا کرتے تھے آج انہی کی ساتھ مل کر حکومت میں بیٹھے ہیں۔

خواجہ عمران نذیر نے کہا کہ  وہ نہ ہی پارلیمنٹ پر لعنت بھیجیں گے اور نہ ہی ایسی اپوزیشن نہیں کریں گے جیسی عمران خان نے کی۔


متعلقہ خبریں