ایک لاکھ 83 ہزار عازمین حج سعودی عرب پہنچ گئے

حج 2019 کی تیسری قرعہ اندازی کا اعلان کر دیا گیا

فائل:فوٹو


اسلام آباد: مناسک حج کی ادائیگی کے لیے ایک لاکھ 83 ہزار 970 پاکستانی عازمین حج سعودی عرب پہنچ گئے ہیں۔

سعودی عرب پہنچنے والے عازمین حج 18 اگست کی رات منیٰ روانہ ہوں گے اور 19 اگست 8 ذوالحجہ کو منیٰ میں قیام کریں گے۔

پاکستان کی سرکاری اسکیم کے تحت ایک لاکھ 7 ہزار 351 عازمین حج مکہ مکرمہ پہنچے اور نجی اسکیم کے تحت 76 ہزار 619 عازمینِ حج سعودی عرب پہنچے ہیں جبکہ مقامی اور پاکستان سے آئے ہوئے معاونین کی تعداد 2 ہزار 840 ہے۔

ذرائع کے مطابق ایک ہزار 802 عازمین حج کا گم شدہ سامان تلاش کر کے ان کے حوالے کیا گیا جبکہ راستہ بھولنے والے 228 عازمین حج کو ان کی رہائش گاہ تک پہنچایا گیا، اس طرح حرم گائیڈز نے حرم میں 2 ہزار 935 عازمین کی رہنمائی کی۔

سعودی عرب میں 388 حج کمپنیوں کی مانیٹرنگ مکمل ہو چکی ہے جبکہ سہولتوں کے جائزے کیلئے 89 سرکاری رہائش گاہوں کی بھی مانیٹرنگ کی گئی۔ سعودی عرب میں پاکستانی ہیلپ لائن کے ذریعے رہنمائی کیلئے ایک ہزار 729 کالز موصول ہوئیں جبکہ موصول ہونے والی دیگر 740 ٹیلی فون کالز میں سے 558 شکایات کا ازالہ کیا گیا اور 60 پر کام جاری ہے۔

اسی طرح پاکستانی ہیلپ لائن پر کھانے سے متعلق موصول ہونے والی 116 شکایات میں سے 113 کا ازالہ کیا گیا جبکہ 551 ڈاکٹرز اور پیرامیڈیکل اسٹاف عازمینِ حج کی طبی سہولیات کیلئے ہمہ وقت موجود رہے جبکہ پاکستان حج میڈیکل مشن او پی ڈی میں ڈیڑھ لاکھ سے زائد مریضوں کو چیک کیا گیا۔

جدہ، مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ میں 2 بڑے اسپتال، 16 ڈسپنسریاں کام کر رہی ہیں اور اب تک 933 عازمینِ حج کو ویل چیئرز کا اجرا کیا جا چکا ہے جبکہ ایک عازم حج ٹریفک حادثے اور 23 عازمین کی طبعی اموات ہوئی ہیں، مختلف حادثات میں زخمی 12 عازمینِ حج کو بھی طبی سہولتیں مہیا کی گئیں۔


متعلقہ خبریں