ڈاکوؤں کی فائرنگ سے پولیس اہلکار شہید،شہری زخمی


کراچی: گلبرگ میں کریم آباد پل کے قریب موٹر سائیکل چھیننے کی واردات کے دوران ملزمان کی فائرنگ سے ایک پولیس اہلکار شہید اور ایک راہ گیر زخمی ہو گیا۔

ہم نیوز کے مطابق سینئر سپریٹینڈنٹ آف پولیس ضلع وسطی (ایس ایس پی) عرفان بلوچ نے واقعہ کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہید ہیڈ کانسٹیبل عمران تھانہ شریف آباد میں انٹیلی جنس ڈیوٹی کرتا تھا۔

انہوں نے بتایا کہ ہیڈ کانسٹیبل عمران نے ملزمان کو پکڑنے کی کوشش کی تو ڈاکوؤں نے فائرنگ کردی جس سے پولیس اہلکار شہید اور شہری زخمی ہو گیا۔ فائرنگ کے بعد ملزمان موٹر سائیکل لے کر جائے وقوعہ سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔

واقعہ کی اطلاع ملتے ہی تفتیشی ادارے اور پولیس جائے وقوعہ پر پہنچ گئی اورثبوت و شواہد اکھٹے کیے۔

تفتیشی حکام کا کہنا ہے کہ واقعہ میں نائن ایم ایم کے دو پستول استعمال کیے گئے ہیں اور جائے وقوعہ سے گولیوں کے سات خول ملے ہیں۔

کراچی پولیس نے دعویٰ کیا ہے کہ بہادر آباد میں سرچ آپریشن کے دوران 33 مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا گیا ہے جن میں سے دو کے پاس سے  اسلحہ اور مسروقہ موٹرسائیکلیں برآمد ہوئی ہیں۔


متعلقہ خبریں