وزیراعظم عمران خان کا قوم سے پہلا خطاب آج ہوگا

عمران خان بطور وزیراعظم آج قوم سے پہلا خطاب کریں گے | urduhumnews.wpengine.com

اسلام آباد: نومنتخب وزیراعظم عمران خان آج (بروزاتوار) رات آٹھ بجے قوم سے خطاب کریں گے۔ چیئرمین پاکستان تحریک کا بحیثیت وزیراعظم یہ پہلا خطاب ہوگا۔

ہم نیوز کے مطابق نومنتخب وزیراعظم اپنے پہلے خطاب میں حکومت کے طے کردہ ا00 روزہ ایجنڈے کی تفصیلات بتائیں گے، قوم کو اعتماد میں لیں گے اورانتخاب میں ان کا چناؤ کرنے پر شکریہ بھی ادا کریں گے۔

پاکستان تحریک انصاف کے اعلان کردہ 100 روزہ ایجنڈے میں طرز حکمرانی کی تبدیلی، وفاق کی مضبوطی، معیشت کی بحالی، زرعی ترقی، سماجی شعبے میں انقلابی اقدامات، ملکی سلامتی اورپانی کے حوالے سے اہم اقدامات کرنے شامل ہیں۔

وزیراعظم عمران خان کی تقریب حلف برداری گزشتہ روز ایوان صدر میں ہوئی تھی جس میں ملکی و غیر ملکی شخصیات سمیت دیگر نے شرکت کی تھی۔

تقریب حلف برداری کے بعد وزیراعظم عمران خان نے 20 رکنی کابینہ کی منظوری دی جس میں 15 وفاقی وزرا اور پانچ مشیران شامل ہیں۔

ہم نیوز کو باخبر ذرائع نے بتایا ہے کہ وزیراعظم کے گھر کی تزائین و آرائش کا کام مکمل ہوگیا ہے اور آج وہ وہاں منتقل ہو جائیں گے۔

نومنتخب وزیراعظم اسٹاف کالونی میں رہیں گے اور اس گھر میں قیام کریں گے جس میں پہلے ملٹری سیکریٹری رہائش پذیر تھے۔

ہم نیوز کے مطابق نو منتخب وزیراعظم عمران خان کی رہائش گاہ پانچ بیڈرومز، ایک ڈرائنگ روم اور ڈائننگ ہال پر مشتمل ہے۔

وزیراعظم عمران خان نے آج پارلیمانی پارٹی کا اجلاس بھی طلب کر رکھا ہے جس میں پی ٹی آئی سمیت دیگر اتحادی جماعتیں شرکت کریں گی۔

اجلاس میں صدارتی انتخاب سمیت دیگرپارلیمانی امور پر مشاورت کی جائے گی اور اتحادی جماعتوں کو اعتماد میں لیا جائےگا۔

 

 


متعلقہ خبریں