عازمین حج کی منیٰ آمد: خیمہ بستی آباد ہوگئی


سعودی عرب/اسلام آباد: عازمین حج کی منیٰ روانگی شروع ہوگئی ہے جو آج نماز ظہر تک جاری رہے گی۔ لاکھوں فرزندان توحید کی منیٰ آمد کے سبب  دنیا کی سب سے بڑی خیمہ بستی تا حد نگاہ تک آباد ہوگئی ہے۔

لبیک اللھم لبیک کی صدائیں بلند کرتے 20 لاکھ سے زائد عازمین حج رات منیٰ میں قیام کریں گے۔ منی میں قیام کے بعد عازمین حج میدان عرفات روانہ ہوں گے جہاں مسجد نمرہ میں خطبہ حج کے بعد ظہر اور عصر کی قصر نمازیں ایک ساتھ ادا کی جائیں گی۔

عازمین حج غروب آفتاب کے ساتھ ہی مزدلفہ روانہ ہوں گے جہاں وہ نمازِ مغرب اور عشا قصر کے ساتھ ایک ساتھ پڑھیں گے ۔ عازمین رات بھر کھلے آسمان تلے قیام کریں گے اور رمی کے لیے کنکریاں چنیں گے ۔ حجاج رمی کے لیے جمرات جائیں گے۔ قربانی کے بعد سر منڈوا کر احرام کھول دیں گے۔

حجاج کرام اس کے بعد مکۃ المکرمہ جاکر مسجد الحرام میں طواف زیارت اور صفا و مروہ کے درمیان سعی کریں گے اورپھرواپس منی چلے جائیں گے۔

اردو نیوز جدہ کے مطا بق وزارت داخلہ کی جانب سے حج پرمٹ کی سختی سے چیکنگ کی جارہی ہے۔ جدہ سے مکہ مکرمہ جانے والی شاہراہ پر شمسی چیک پوسٹ کے علاوہ دیگر مقامات پر بھی چیک پوسٹیں قائم ہیں جہاں سے حج پرمٹ کے بغیر کسی کو گزرنے کی اجازت نہیں ہے۔

سعودی وزارت داخلہ کے حوالے سے اردو نیوز نے بتایا ہے کہ امسال دو لاکھ سے زائد داخلی عازمین کو فریضۃ حج کی ادائیگی کے لیے حج پرمٹ جاری کیے گئے ہیں اور خصوصی اجازت نامے کے بغیر کسی گاڑی کو مکہ مکرمہ میں داخل ہونے کی اجازت نہیں دی جارہی ہے۔

فریضہ حج کی ادائیگی کے لیے امسال ایک لاکھ 83 ہزار 970 پاکستانی سعودی عرب میں موجود ہیں۔ عازمین حج میں سے ایک لاکھ سات ہزار 351 سرکاری اسکیم کے تحت گئے ہیں جب کہ نجی اسکیم کے تحت جانے والوں کی تعداد 76 ہزار 619 ہے۔


متعلقہ خبریں