عثمان بزدار وزیراعلیٰ پنجاب منتخب

عثمان بزدار وزیراعلیٰ پنجاب منتخب ہوگئے | urduhumnews.wpengine.com

لاہور: وزارت اعلیٰ کے لیے پاکستان تحریک انصاف کے نامزد امیدوارعثمان بزادر نئے وزیراعلیٰ پنجاب منتخب ہوگئے ہیں۔ انہوں نے 186 ووٹ حاصل کیے ہیں۔

نومنتخب وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کے مدمقابل حمزہ شہباز شریف نے 159 ووٹ حاصل کیے ہیں۔

پنجاب اسمبلی کے نئے قائد ایوان کے لیے اجلاس نومنتخب اسپیکر چوہدری پرویز الہیٰ کی سربراہی میں ہوا۔ اسمبلی کا اجلاس گیارہ بجے طلب کیا گیا جو تاخیر کے بعد ساڑھے گیار بجے شروع ہوا۔

قائد ایوان کا انتخاب خفیہ رائے شماری کے بجائے ایوان کی ڈویژن کے ذریعے ہوا جس میں کامیابی کے لیے 178 ارکان کی حمایت حاصل کرنا لازم  تھی۔

پنجاب اسمبلی میں آزاد حیثیت میں منتخب ہونے والی جگنو محسن نے پی ٹی آئی کے امیدوار عثمان بزدار کو ووٹ دیا۔ وہ ممتاز صحافی اورچیئرمین پی سی بی نجم سیٹھی کی اہلیہ ہیں۔

وزارت اعلیٰ کے لیے ہونے والے انتخاب میں پاکستان پیپلزپارٹی غیر جانبدار رہی اور کسی امیدوار کو ووٹ نہیں دیا۔

پی پی پی نے وزیراعظم کے انتخاب میں بھی کسی امیدوار کوووٹ نہیں دیا تھا۔ قومی اسمبلی میں عمران خان اور شہباز شریف مدمقابل تھے۔


متعلقہ خبریں