سندھ کی 8 رکنی کابینہ نے حلف لے لیا


کراچی: سندھ کی 8 رکنی کابینہ نے اپنے عہدے کا حلف لے لیا ہے، قائم مقام  گورنر سندھ آغا سراج درانی نے سندھ کے نئے وزرا سے حلف لیا۔

اتوار کے روز گورنرز ہاؤس میں ہونے والی حلف برداری کی تقریب کا آغاز قومی ترانے سے ہوا۔

چیف سیکرٹری سندھ  اعظم سلیمان نے وزیراعلیٰ سندھ کے دو مشیروں کے ناموں کا اعلان بھی کیا جن میں سردار محمد بخش اور مرتضیٰ وہاب شامل ہیں۔

حلف اٹھانے والوں میں ڈاکٹر عذرا افضل پیچوہو، سیٹھ  ہری رام، سعید غنی، اسماعیل راہو، شبیر بجارانی، مخدوم محبوب الزمان، سردار شاہ اور شہلا رضا  شامل ہیں۔

حلف اٹھانے کے  بعد  قائم مقام  گورنر سندھ آغا سراج درانی اور وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کابینہ ارکان کو مبارک باد دی۔

اس سے پہلے بلاول ہاؤس کراچی میں پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی صدارت میں پارٹی کا ایک اہم  اجلاس ہوا جس میں وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ اور دیگر رہنما بھی موجود تھے، اجلاس میں بلاول بھٹو زرداری نے وزیراعلیٰ سندھ کے مشورے پر کابینہ کے لیے 8 ناموں کی منظوری دی۔

اطلاعات کے مطابق نئے وزرا کے محکموں کا اعلان بھی کر دیا گیا ہے جس کے مطابق سعيد غني کو بلديات، شہلا رضا کو ترقي خواتين اور سردار شاہ  کو تعلیم و ثقافت کا قلمدان ديا گيا ہے۔

اسماعیل راہو کو زراعت، شبیر بجارانی کو معدنیات اور مخدوم محبوب زمان کو ريونيو کا منصب دیا گیا ہے جبکہ ہری رام کشوری لال جیل خانہ جات و اقلیتی امور اور ڈاکٹر عذرا فضل پیچوہو کو صحت کا قلمدان سونپا گیا ہے۔

بیرسٹر مرتضیٰ وہاب قانون اور اینٹی کرپشن اور محمد بخش مہر صنعت و تجارت کے لیے وزیر اعلیٰ کے مشیر ہوں گے۔


متعلقہ خبریں